ایوان بالاء کا اصلاحاتی ایجنڈا پرعمل٬ شفافیت ٬ پارلیمان تک عوامی رسائی اور رابطہ کاری کے نظام میں بہتری آئی٬امجد پرویز ملک

ان اقدامات کی بدولت سینیٹ کو موثر کردار اد اکرنے میں مددملی٬ ایوان بالاء اور کمیٹیوں کو با اختیار بنانے کیلئے قواعد و ضوابط میں ترامیم متعارف کرائی گئی ہیں٬ پبلک اکائونٹس کمیٹی میں ایوان بالاء کو نمائندگی دی گئی٬جنیوا میں منعقدہ 135 ویں سالانہ اجلاس میں سیکرٹری جنرلز کی تنظیم کو بریفنگ

جمعہ 28 اکتوبر 2016 17:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اکتوبر2016ء) ارکین پارلیمنٹ کو قانون سازی اور حکومت کی جوابداہی کے سلسلے میں معیار ی معاونت فراہم کرنے کیلئے ایوان بالاء نے اصلاحاتی ایجنڈا پرعمل کرتے ہوئے ایسے اقداما ت اٹھائے ہیں جن کی بدولت شفافیت ٬ پارلیمان تک عوامی رسائی اور رابطہ کاری کے نظام میں بہتری آئی ہے ۔ اور ان اقدامات کی بدولت سینیٹ کو موثر کردار اد اکرنے میں مددملی ہے ۔

بین الپارلیمانی یونین کے جنیوا میں منعقدہ 135 ویں سالانہ اجلاس میں سیکرٹری جنرلز کی تنظیم کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری سینیٹ امجد پرویز ملک نے بتایا کہ خود انحصاری پروگرام کے تحت چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی کی سربراہی میں سینیٹ کی جمہوری قیادت کی کاوشوں کی بدولت نہ صرف پارلیمان کے انتظامی معاملات میں بہتری آئی ہے ۔

(جاری ہے)

بلکہ سینیٹ کی صوبائی اکائیوں کی نمائندگی ٬ شفافیت کے فروغ اور محروم طبقات کے حقوق کے تحفظ کیلئے موثر طریقے سے آواز اٹھانے اور قانون سازی سے متعلق امور میں بہتری لانے میں معاونت ملی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نئی سوچ اور ماہرانہ رائے سے استفادہ کرنے کیلئے ادارہ جاتی سطح پر روابط کو فروغ دیا گیا ہے ۔اور اعلیٰ تعلیمی اداروںاور جامعات کے ساتھ ملکر کر انٹر شپ پروگرام کے علاوہ کلرکس آف پارلیمنٹ کا پروگرام ترتیب دیا گیا ہے ۔ تاکہ نئی نسل کو پارلیمنٹ سے وافقیت ہواور ان کے علم و ہنر سے مستفید ہوا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ایوان بالاء اور کمیٹیوں کو با اختیار بنانے کیلئے قواعد و ضوابط میں ترامیم متعارف کرائی گئی ہیںاور پبلک اکائونٹس کمیٹی میں ایوان بالاء کو نمائندگی دی گئی ہے ۔

انہوں نے تمام اقدامات پر تفصیل روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کیلئے الیکٹرانک پارلیمنٹ کے تصور پر کام جاری ہے ٬ جبکہ پارلیمانی امور کو زیادہ موثر بنانے کیلئے مختلف وزارتوں اور اداروں کے سینئر افسران پر مشتمل نمائندوں کی اجلاسوں میں شرکت یقینی بنائی گئی ہے۔ شفافیت اور عوامی رسائی کے فروغ کیلئے ارکان پارلیمنٹ کیلئے ضابطہ اخلاق کو حتمی شکل دی جارہی ہے ۔

اس کے ساتھ ساتھ سینیٹ کی سالانہ کارکردگی کو ’’رپورٹ ٹو پیپل ‘‘ کے عنوان سے سالانہ رپورٹ کی شکل میں مرتب کیا گیا ہے ٬ جو ایوان بالاء کی ویب سائٹ پر موجود ہے ۔اس کے علاوہ چیئرمین سینیٹ ٬ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ ٬ قائد ایوان سینیٹ اور قائد حزب اختلاف کے ساتھ اراکین سینیٹ کی تنخواہوں اور دیگر مراعات سے متعلق تفصیلات بھی ایوان بالاء کی ویب سائٹ پر موجو د ہیں۔

عوامی رسائی پروگرا م کی تفصیلات سے متعلق سیکرٹری سینیٹ نے بتایا کہ متعارف کرائے گئے اقدامات میں عوامی عرضداشت ٬ اپنی پارلیمنٹ سے متعلق جانیئے ٬ ویب سائٹ پر براہ راست نشریات٬ سینیٹ اور آئین کے یوم تاسیس ٬ سینیٹ کی ویب سائٹ کی بہتری ٬ پارلیمنٹ کے مہمان ٬ پارلیمنٹ کے گائیڈڈ ٹور٬خاص طور پر گلی دستور سے متعلق آگاہی شامل ہیں ۔

متعلقہ عنوان :