عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے فاریسٹ ڈپو میں لکڑی کی فراہمی کو جلد یقینی بنایا جائیگا٬سردار میراکبر خان

جمعہ 28 اکتوبر 2016 17:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اکتوبر2016ء)وزیر جنگلات سردار میراکبر خان نے کہا کہ عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے فاریسٹ ڈپو میں لکڑی کی فراہمی کو جلد از جلد یقینی بنایا جائے گا۔ تاکہ عوام کی ضرورت پوری ہوسکے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے فاریسٹ یوٹی ڈپو مظفرآباد کے معائنہ کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انھوں نے کہا کہ آئندہ ماہ کے آخر تک یوٹی ڈپو میں ایک لاکھ مکعب فٹ لکڑی دستیاب کردی جائے گی۔ ہماری کوشش ہے کہ سردیو ں سے قبل زیادہ سے زیادہ لکڑی عوام کو ڈپو پر دستیاب ہو۔ انھوں نے مزید کہا کہ عوام کی خدمت کا مشن لے کر نکلے ہیں اور جہا ں تک ممکن ہوخدمت کریں گے ۔ سیاست کو عبادت سمجھ کر لوگوں کی خدمت کرتا ہو ں انھوں نے کہا کہ احتسابی عمل گھر سے شروع کردیا ہے ۔

(جاری ہے)

باغ میں محکمہ جنگلات کے رقبہ میں ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کردیا ہے ۔اس طرح پورے آزادکشمیر میں محکمہ جنگلات کے رقبہ پر قبضہ مافیا سے جنگلات کے رقبہ جات کو خالی کروایا جائے گا۔ ٹمبر مافیا کے خلا ف گھیرا مزید تنگ کردیا ہے ۔تاکہ لکڑی کی سمگلنگ کو روکا جاسکے ۔ انھوں نے کہا کہ لکڑی عوام کی ضرورت ہے اور ان کی ضرورت کو مدنظررکھتے ہوئے جلدازجلد پورے آزادکشمیر کے ڈپو میں لکڑی کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے ۔تمام لوگوں کوان کی ضرورت کے مطابق مساوی لکڑی ملے گی۔