دھرنا سیاست ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کے مترادف ہے ٬ صرف تین دنوں میں مارکیٹ کے سرمائے میں ایک کھرب75ارب سے زائد روپے کی کمی ہوئی ٬ناصر سعید

جمعہ 28 اکتوبر 2016 16:43

لاہور۔28 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2016ء) تاجر راہنما ٬ وزیراعلیٰ پنجاب کے سیاسی مشیر اورپاکستان مسلم لیگ ن ٹریڈنگ ونگ لاہور کے صدر ناصر سعیدنے کہا ہے کہ دھرنا سیاست ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے مسلم لیگ ن کے تاجروں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کی منفی سرگرمیوں اور افواہوں کی بدولت سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے اور سٹاک ایکسچینج کے انڈکس میں 764پوائنٹس کی کمی ہوئی ۔

سٹاک مارکیٹ میںسرمائے کا مجموعی حجم83کھرب سے کم ہو کر82کھرب روپے پر آگیا اور اس طرح صرف تین دنوں میں مارکیٹ کے سرمائے میں ایک کھرب75ارب سے زائد روپے کی کمی ہوئی ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ ن لاہور زاہد بخاری نے کہا کہ اپوزیشن کی منفی سرگرمیوں سے سرمایہ کاروں کو نقصان پہنچ رہا ہے ٬ دھرنا سیاست پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ اور ملک کو معاشی بدحالی کی طرف دھکیلنے کی سازش ہے ۔

اپوزیشن کو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی عزیز نہیں بلکہ وہ اقتدار کی جنگ میں ہر جائزو ناجائز حربہ استعمال کررہے ہیں اسلام آباد بند کرنے کی دھمکیوں سے غیر ملکی سرمایہ کاری متاثر ہوگی ۔انہوں نے کہاکہ ایسی کوششوں سے پاکستان کی سٹاک مارکیٹ بحران کا شکار ہوگئی ہے اور صنعتکاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے ہیں جبکہ غیر ملکی سرمایہ کار خوفزدہ ہوکر پاکستان میں سرمایہ کاری سے گریز کرینگے۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن حکومت کے خلاف منفی سرگرمیوں سے اجتناب برتے٬ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو تسلیم کرے اور عوام کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہ ڈالے ۔

متعلقہ عنوان :