بنگلہ دیشی ٹیم آخری ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 220 رنز پر ڈھیر٬ انگلینڈ نے 3 وکٹوں پر 50 رنز بنا لئے٬ انگلش ٹیم کو میزبان ٹیم کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 170 رنز درکار اور اس کی 7 وکٹیں باقی٬ تمیم اقبال کی شاندار سنچری٬ معین علی کی 5 وکٹیں

جمعہ 28 اکتوبر 2016 16:43

میرپور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2016ء) معین علی کی شاندار بائولنگ کی بدولت بنگلہ دیشی ٹیم انگلینڈ کے خلاف آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 220 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی٬ جواب میں انگلش ٹیم نے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک 3 وکٹوں پر 50 رنز بنا لئے تھے اور اسے میزبان ٹیم کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 170 رنز درکار ہیں اور اس کی 7 وکٹیں باقی ہیں٬ جوروٹ 15 اور معین علی 2 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں٬ مہدی حسن نے 2 وکٹیں لیں۔

جمعہ کو شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم٬ میرپور میں شروع ہونے والے آخری ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیشی ٹیم کے کپتان مشفق الرحیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو میزبان ٹیم کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور ایک سکور پر اسے پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب امرالقیس ایک رن بنا کر چلتے بنے٬ اس موقع پر تمیم اقبال اور مومن الحق نے میدان سنبھالا٬ دونوں بلے بازوں نے مشکل وقت میں ڈٹ کر حریف بائولرز کا مقابلہ کیا اور دوسری وکٹ میں 170 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کو سہارا دیا تاہم یہاں پر انگلش بائولرز نے تمیم اقبال اور مومن الحق کو آئوٹ کر کے اہم کامیابیاں حاصل کیں٬ تمیم 104 اور مومن الحق 66 رنز بنا کر نمایاں رہے٬ دونوں کے آئوٹ ہونے کے بعد کوئی بھی بلے باز انگلش بائولرز کا مقابلہ نہ کر سکا اور پوری ٹیم 220 رنز پر ڈھیر ہو گئی٬ آخری 8 کھلاڑی سکور میں صرف 49 رنز کا اضافہ کر سکے۔

(جاری ہے)

محموداللہ 13٬ شکیب الحسن 10٬ کپتان مشفق الرحیم 4٬ صابررحمان صفر٬ شوواگتاہوم 6٬ مہدی حسن ایک اور قمرالاسلام صفر پر آئوٹ ہوئے٬ معین علی نے 5 جبکہ کرس ووکس نے 3 اور بین سٹوکس نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں انگلش ٹیم کی اننگز کا آغاز بھی مایوس کن رہا٬ پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے 3 وکٹوں پر 50 رنز بنا لئے تھے اور اسے بنگال ٹائیگرز کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 170 رنز درکار ہیں٬ جوروٹ 15 اور معین علی 2 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں٬ کپتان ایلسٹرکک 14٬ بین ڈیکٹ 7 اور گیری بیلنس 9 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے٬ مہدی حسن نے 2 اور شکیب الحسن نے ایک وکٹ لی۔

متعلقہ عنوان :