اسلام آباد بند کرنے کے حوالے سے تاجروں کے تحفظات جائز ہیں٬ حکومت تاجر برادری اور اسلام آباد کے شہریوں کے حقوق کا مکمل تحفظ کرے گیِ دارالحکومت کے تاجروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی کوشش کریں گے

وزیر مملکت برائے کیپٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے وفد کی گفتگو

جمعہ 28 اکتوبر 2016 16:43

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2016ء) وزیر مملکت برائے کیپٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد بند کرنے کے حوالے سے تاجروں کے تحفظات جائز ہیں اور حکومت تاجر برادری سمیت اسلام آباد کے شہریوں کے حقوق کا مکمل طور پر تحفظ کرے گیِ دارالحکومت کی تاجر برادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے یہ بات اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے صدر خالد اقبال ملک کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ اسلام آباد ان کا اپنا حلقہ انتخاب ہے اور خوش قسمتی سے ان کے پاس وزارت بھی کیپٹل ایڈمنسٹریشن کی ہے لہذا وہ وفاقی دارالحکومت کی تاجر برادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی کوشش کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد بند کرنے کے حوالے سے تاجروں کے تحفظات جائز ہیں اور حکومت تاجر برادری سمیت اسلام آباد کے شہریوں کے حقوق کا مکمل طور پر تحفظ کرنے کی کوشش کرے گی ۔ انہوں نے مزید کہا یہ خوش آئند ہے کہ میئر اسلام آباد اور چیئرمین سی ڈی اے نے تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں اور چونکہ وہ عوامی نمائندے ہیں لہذا وہ دلچسپی سے مسائل حل کرائیں گے۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے دورہ کے موقع پر ایک سکول چیمبر کے حوالے کرنے کا جائزہ لیا جائے گا۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے اس موقع پر کہا کہ تاجروں اور مارکیٹوں کے 95 فیصد مسائل سی ڈی اے سے تعلق رکھتے ہیں لیکن چونکہ چیئرمین سی ڈی اے میئر بھی ہیں اور عوامی نمائندگی کرتے ہیں وہ ضرور مسائل حل کرائیں گے جس کا انہوں نے وعدہ بھی کر لیا ہے۔

انہوں نے وزیر مملکت برائے کیڈ کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے دورہ کی دعوت دی۔ وفد میں سینئر نائب صدر خالد ملک٬ نائب صدر طاہر ایوب٬ چیئرمین فائونڈر گروپ خالد جاوید٬ سابق صدور طارق صادق اور محمد اعجاز عباسی کے علاوہ چوہدری وحید الدین٬ سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری٬ سابق نائب صدر محمد حسین٬ نعیم صدیقی اور سیف الرحمان شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :