ڈی سی او کی ہدایات ‘ایکس آفیشو فوڈ انسپکٹر سید سلیم قادر شاہ کا ملاوٹ اور غیر معیاری اشیاء بیچنے والوں کیخلاف کریک ڈائون

مختلف اشیاء کے 164سیمپل لیکرلیبارٹری بھجوا دیئے ‘ناقص اور مضرصحت اشیاء بیچنے والوں کیخلاف کاروائی کی جا رہی ہے ‘سید سلیم قادر شاہ

جمعہ 28 اکتوبر 2016 16:13

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اکتوبر2016ء)ڈی سی او قصور عمارہ خان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ایکس آفیشو فوڈ انسپکٹر /اسسٹنٹ سپریٹنڈنٹ ٹیکس قصور سید سلیم قادر شاہ کا ملاوٹ اور غیر معیاری اشیاء بیچنے اور تیار کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈائون ‘مختلف اشیاء کے 164سیمپل لیکرلیبارٹری بھجوا دیئے ۔ تفصیل کے مطابق ڈی سی او قصور کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ایکس آفیشو فوڈ انسپکٹر /اسسٹنٹ سپریٹنڈنٹ ٹیکس قصور سید سلیم قادر شاہ کا مقامی پولیس اور محکمانہ ٹیم کے ہمراہ رواںماہ کے دوران ضلع بھر میں دیپالپور روڑ ٬ مصطفی آباد٬ گنڈا سنگھ روڈ ٬ رائے ونڈ روڈ ٬ قصور بائی پاس ٬ کھڈیا ں ٬ ڈھنگ شاہ ٬ الہ آباد ٬ چونیاں ٬ چھانگا مانگا ٬ ملتان روڈ اور دیگر مقامات پر ناکے لگا کر دودھ ٬آئس کریم اور دوکانوں پر چھاپے ماکر مرچ ٬ ہلدی ٬ نمک ٬ بیسن ٬ جوس٬ مختلف مشروبات ٬ مٹھائی ٬ آٹا ٬ میدہ ٬ بسکٹ چائے ٬ کیچپ٬ گھی اور دیگر اشیاء کے 164سیمپل لیکر ٹیسٹنگ کیلئے لیبارٹری بھجوا دیئے ہیں ۔

(جاری ہے)

سید سلیم قادر شاہ نے بتایا کہ گزشتہ دوماہ جولائی اور اگست میں مختلف اشیاء کے جو سیمپل لئے گئے تھے ان میں سے 144سیمپل فیل ہوئے ہیں جن کو کاروائی کیلئے سپیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوا دیا ہے تا کہ ذمہ داران کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جا سکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈی سی او قصور کے حکم پر ضلع بھر میں ناقص اور مضرصحت اشیاء بیچنے والوں کیخلاف بلا امتیاز کاروائی کی جا رہی ہے اور زیادہ سے زیادہ کھانے پینے والی اشیاء کی سیمپلنگ کی جاری ہے تا کہ ملاوٹ اور غیر معیاری اشیاء بیچنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے ۔ انہوں نے اشیا کے سیمپل حاصل کرنے کے علاوہ بیکرز اور ہوٹلز مالکان کو موثر صفائی رکھنے اور محکمہ صحت سے باقاعدہ لائسنس حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی ۔