ڈیری مصنوعات کی گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

جمعہ 28 اکتوبر 2016 16:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اکتوبر2016ء) پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن نے 2نومبر کے دھرنے کو ناکام بنانے کے لئے ڈیری مصنوعات کی گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کی جانب سے منصور عثمان اعوان ایڈووکیٹ نے درخواست دائر کی جس میں وفاقی حکومت٬ وزیرداخلہ٬ چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پولیس کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت تحریک انصاف کے دو نومبر کے اسلام آباد کے احتجاج کو روکنے کے لئے کارکنوں کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کی بھی پکڑ دھکڑ کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

دیگر گاڑیوں کے ساتھ ساتھ حلیب فوڈ٬اینگرو فوڈ سمیت دیگر فوڈ کمپنیوں کی درجنوں گاڑیوں کو بھی حرا ست میں لے لیا گیا ہے جس سے ان کا کاروبار بری طرح متاثر ہو رہا ہے اور ان گاڑیوں میں موجود دودھ اور کھانے پینے کی اشیا ضائع ہونے کا خطرہ ہے۔درخواست میں کہاگیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 8 کے تحت حکومت شہریوں کے کاروبار کو تحفظ فراہم کرنے کی پابند ہے لیکن فوڈ پراڈکٹس کی گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ سے آئین کی خلاف ورزی ہورہی ہے۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ فوڈ پراڈکٹس کی حراست میں لی گئی گاڑیاں چھوڑنے کا حکم دیتے ہوئے پولیس کو انہیں تحفظ فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔

متعلقہ عنوان :