چیف آف نیول اسٹاف کا ترک بحری جہاز ٹی سی جی بایو کاڈا کا دورہ

ایڈمرل ذکاء اللہ کی بحری جہاز پر موجود ترک مشن کمانڈر سے ملاقات ٬پیشہ ورانہ امور پر تفصیلی بات چیت

جمعہ 28 اکتوبر 2016 16:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اکتوبر2016ء)پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے جمعہ کو ترک بحری جہاز ٹی سی جی بایو کاڈا کا دورہ کیا۔ نیول چیف نے بحری جہاز پر موجود ترک مشن کمانڈر سے ملاقات کے دوران پیشہ ورانہ امور پر تفصیلی بات چیت کی اور ترک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران سربراہ پاک بحریہ نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستانہ مراسم قائم ہیں اور دونوں ممالک کے مابین دیرپا تعاون ان تعلقات کے فروغ اور استحکام میںخصوصی اہمیت کا حامل رہا ہے۔

نیول چیف نے ترک بحری جہاز کے افسران اور عملے سے بھی ملاقات کی۔ایڈمرل ذکاء اللہ کو پاکستان نیوی اور دورے پر آئے ہوئے ترک بحری جہاز کے درمیان کھلے سمندر میں ہونے والی مشترکہ بحری مشق کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ پاکستان میںقائم ترک سفارت خانے کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ترک بحری جہاز ٹی سی جی بایو کاڈا کے دورے سے دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات اور بحری تعاون کو مزید تقویت حاصل ہوگی۔