Live Updates

ْ تحریک انصاف کے اسلام آباد دھرنے میں جانیوالے قافلوں کو روکا نہیں جائیگا٬وزیراعلیٰ سندھ

مظاہرین کو چاہئے وہ کسی کو نقصان پہنچائے بغیر اپنا مقصد پورا کریں٬جمہوری دور میں احتجاج سب کا حق ہے ٬سید مراد علی شاہ ہم پر بدامنی پھیلانے کا الزام سراسر غلط ہے ہم اقتدار میں رہتے ہوئے اپنے ہی صوبے میں بدامنی کیسے پھیلا سکتے ہیں ٬میڈیا سے بات چیت

جمعہ 28 اکتوبر 2016 16:10

جامشورو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اکتوبر2016ء) وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں ہرکسی کو جمہوری حق استعمال کرنے کی اجازت ہے اس لئے تحریک انصاف کے اسلام آباد دھرنے میں جانے والے قافلوں کو روکا نہیں جائے گا۔جمعہ کو جامشورو میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہر کسی کو اپنا جمہوری حق استعمال کرنے کی اجازت ہے٬ تحریک انصاف کے اسلام آباد دھرنے میں شامل ہونے والے قافلوں سے مکمل تعاون کیا جائے گا اور انہیں سندھ میں کسی بھی جگہ روکنے کے لئے سڑکیں بند نہیں کی جائیں گی لیکن مظاہرین کو بھی چاہئے کہ وہ کسی کو نقصان پہنچائے بغیر اپنا مقصد پورا کریں ۔

انہوںنے کہا کہ تحریک انصاف سندھ کی قیادت سے رابطہ کرکے بتایا گیا ہے کہ اگر سندھ میں احتجاج کرنا ہے تو وہ پرامن طریقے سے ہونا چاہئے کسی فرد کو بھی سرکاری یا نجی املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

(جاری ہے)

مراد علی شاہ نے کہا کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں ہونے والے تشدد کے واقعات قابل مذمت ہیں وفاقی حکومت کو اس معاملے کا سیاسی حل نکالنا چاہئے ملک میں جمہوری دور میں سب کو احتجاج کا حق ہے۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ہم پر صوبے میں بدامنی پھیلانے کا الزام سراسر غلط ہے ہم اقتدار میں رہتے ہوئے اپنے ہی صوبے میں بدامنی کیسے پھیلا سکتے ہیں ہماری اولین ترجیحات میں بدامنی کا خاتمہ بھی شامل ہے۔ سندھ کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں سے بھی تعاون کی درخواست کی ہے۔انہوںنے کہا کہ سی پیک منصوبے کیلئے سابق صدر آصف علی زرداری نے چین کے 22 دورے کئے لیکن اس منصوبے سے جو فائدہ سندھ کو ملنا چاہئے تھا وہ نہیں مل رہا جس پر ہمیں اعتراضات ہیں اور اس سے متعلق ہم نے اے پی سی اور متعلقہ اداروں کو بھی آگاہ کردیا ہے جبکہ چین میں سی پیک کے حوالے سے ہونے والی کانفرنس میں بھی تحفظات بتائیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات