لاہور‘ جناح٬ لیڈی ولنگڈن اور میو ہسپتال میں ینگ ڈاکٹرز کی میو ہسپتال کے دو ڈاکٹرز کی برطرفی کے خلاف ہڑتال ‘مر یضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ‘ میو ہسپتال میں ڈاکٹروں کی برطرفی کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو ہڑتال کا دائرہ وسیع کردیا جائے گا‘ینگ ڈاکٹرز

جمعہ 28 اکتوبر 2016 16:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 اکتوبر2016ء) لاہور کے جناح٬ لیڈی ولنگڈن اور میو ہسپتال میں ینگ ڈاکٹرز نے میو ہسپتال کے دو ڈاکٹرز کی برطرفی کے خلاف ہڑتال کرتے ہوئے شعبہ آٹ ڈور میں سروسز بند کردیں جس سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔تفصیلات کے مطابق جناح٬ لیڈی ولنگڈن اور میو ہسپتال میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشنز کی ہڑتال کے باعث آوٹ ڈور سروسز بند رہیں جبکہ ایمرجنسی اور ان ڈور سروسز معمول کے مطابق جاری رہیں۔

(جاری ہے)

آوٹ ڈور سروسز بند ہونے کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑامریضوں کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی آئے روز ہڑتال کے باعث مریض در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں٬ انہیں پوچھنے والا کوئی نہیں ڈاکٹروں کی ہڑتال کی وجہ کوئی بھی ہو٬ انہیں مل بیٹھ کر مسائل کو حل کرنا چاہیے٬ ہڑتال کر کے مریضوں کا استحصال نہیں کرنا چاہیے۔دوسری جانب ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن جناح ہسپتال کے ترجمان ڈاکٹر اسد علی کے مطابق میوہسپتال میں دو ڈاکٹروں٬ ڈاکٹر شہریار نیازی اور ڈاکٹر مظہر رفیع کو بغیرانکوائری کے نوکری سے برطرف کیا گیا جو سرا سر زیادتی ہے۔انہوں نے کہا کہ میو ہسپتال میں ڈاکٹروں کی برطرفی کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو ہڑتال کا دائرہ وسیع کردیا جائے گا۔