سینٹرل کنٹریکٹ میں تنزلی پراحمد شہزاد٬عمراکمل دل برداشتہ

دونوں کرکٹرز سلیکشن کمیٹی کے رویے سے نالاں ٬ تنزلی پر پی سی بی کے اعلی حکام سے بات کریں گے٬ذرائع

جمعہ 28 اکتوبر 2016 14:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 اکتوبر2016ء) ٹیسٹ کرکٹرز احمد شہزاد اور عمر اکمل پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں تنزلی پر دل برداشتہ ہو گئے ہیں۔دونوں کرکٹرز پی سی بی حکام سے تنزلی پر بات کریں گے۔اس وقت احمد شہزاد اور عمر اکمل کے ستارے گردش میں ہیں ۔دونوں کرکٹرز پی سی بی کے اعلی حکام اور سلیکشن کمیٹی کے دلوں میں گھر کرنے اور ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام ہیں ۔

(جاری ہے)

گزشتہ ہفتے پی ایس ایل کی پلاٹینم کیٹگری میں منتخب ہوتے ہیں لیکن پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ میں ان کی تنزلی کر دی جاتی ہے ۔احمد شہزاد بی جبکہ عمر اکمل سی سے ڈی کیٹگری میں پھینک دیئے گئے ہیں ۔ دونوں کرکٹرز سلیکشن کمیٹی کے رویے سے نالاں ہیں اور تنزلی کے حوالے سے پی سی بی کے اعلی حکام سے بات کریں گے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کرکٹر ز کا خیال ہے کہ سلیکشن کمیٹی کے ناروا سلوک سے ان کی تذلیل کی گئی ہے۔ ایک طرف ان فٹ حارث سہیل جنہوں نے اپنا آخری میچ 29 مئی 2015 کو کھیلا انہیں سی میں برقرار رکھا جاتا ہے اور ٹیسٹ کرکٹرز کی تنزلی کر دی جاتی ہے ۔