خیبرپختونخوا میں تبدیلی ہم لائیں گے اور2018 میں ن لیگ کی حکومت ہو گی۔ اپوزیشن کو پاکستان کے ترقی یافتہ ہونے کا غم کھایا جا رہا ہے، سی پیک پاکستان میں خوشحالی اور ترقی لے کر آئے گا ۔ دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔ خیبر پختونخوا کو تبدیل ہونا چاہیے اور وہ تبدیلی ہم لے کر آئیں گے۔ صوبے میں اگر کوئی تسلی بخش کام ہو رہا ہوتا تو اتنی بڑی تعداد میں لوگ جلسے میں نہ آتے۔وزیراعظم نوازشریف کا کوہاٹ میں عوامی اجتماع سے خطاب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 28 اکتوبر 2016 14:33

خیبرپختونخوا میں تبدیلی ہم لائیں گے اور2018 میں ن لیگ کی حکومت ہو گی۔ ..

کوہاٹ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28اکتوبر۔2016ء) وزیراعظم نوازشریف نے کوہاٹ میں گیس فراہمی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔گیس کی فراہمی کے اس منصوبے پر 3 ارب 81 کروڑ لاگت آئے گی۔گیس منصوبے سے خوشحال گڑھ،چور لکی،اسرزئی،شاہپورکوگیس ملے گی، جبکہ شیرکوٹ، نصرت خیل، علی زئی اورڈھوڈہ کے عوام کو بھی گیس فراہم کی جائےگی۔

اس موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں تبدیلی ہم لائیں گے اور2018 میں ن لیگ کی حکومت ہو گی۔وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو پاکستان کے ترقی یافتہ ہونے کا غم کھایا جا رہا ہے، سی پیک پاکستان میں خوشحالی اور ترقی لے کر آئے گا ، 2018 میں ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نوازشریف نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پاکستان کے ترقی یافتہ ہونے کا غم کھایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کہہ رہی ہے کہ پاکستان میں اقتصادی ترقی ہو رہی ہے۔ وزیراعظم نوازشریف نے کوہاٹ میں ہسپتال، یونیورسٹی میں ویمن کیمپس اور ریل کار سروس شروع کرنے کا اعلان بھی کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ 400 کروڑ روپے کوہاٹ کے بزرگوں اور بہنوں پر قربان ہیں۔ انہوں نے فوجی افسروں، پولیس کے جوانوں اور عام شہریوں کو خراج تحسین بھی پیش کیا اور کہا کہ دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 'تبدیلی' کے نعرے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کو تبدیل ہونا چاہیے اور وہ تبدیلی ہم لے کر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس صوبے میں اگر کوئی تسلی بخش کام ہو رہا ہوتا تو اتنی بڑی تعداد میں لوگ جلسے میں نہ آتے۔وزیراعظم نے کہا میں آج کوہاٹ والوں کے لیے تحفہ لے کر آیا ہوں‘ ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف جو وعدہ کرتا ہے، اسے پورا کرتا ہے ۔

وزیراعظم نواز شریف نے ایک ایسے وقت میں کوہاٹ کا دورہ کیا ہے جب 2 نومبر کو پاکستان تحریک انصاف پاناما لیکس اور کرپشن کے خلاف اسلام آباد میں دھرنا دینے جارہی ہے اور عمران خان کا مطالبہ ہے کہ وزیراعظم نواز شریف یا تو استعفیٰ دیں یا پھر خود کو احتساب کے لیے پیش کردیں۔