ضلع وسطی میں کشمیر یوں سے اظہار یکجہتی کے لئے واک کا اہتمام

جمعہ 28 اکتوبر 2016 14:27

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2016ء) ضلع وسطی میں بھارت کی جانب سے کشمیری عوام پر ظلم و بربریت کے خلاف کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے لئے یوم سیاہ منایا گیا۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی کے دفتر میں کشمیریوں سے یکجہتی کے لئے ''کشمیر یکجہتی واک'' کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں رکن قومی اسمبلی شیخ صلاح الدین٬ڈپٹی کمشنر سینٹرل کیپٹن (ر) فریدالدین مصظفیٰ٬ چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی٬ وائس چیئرمین سید شاکر علی٬ سکول کے طلباء و طالبات٬ اساتذہ اور علاقہ معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

واک کا مقصد معصوم اور نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا تھا جبکہ کشمیری عوام کو اس بات کا یقین دلانا تھا کہ پاکستان کا ہر فرد کشمیریوں کے ساتھ ہے اور ان پر بھارت کی جانب سے ظلم ڈھائے جانے پر سراپا احتجاج ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شریک شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ واک کا اہتمام ڈپٹی کمشنر سینٹرل نے کیا۔

اس موقع پر رکن قومی اسمبلی شیخ صلاح الدین نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے٬ پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ رہے گا۔ شیخ صلاح الدین نے مزید کہا کہ پاکستان کا ہر فرد کشمیری عوام کے ساتھ ہے ۔انہوں نے کہا کہ نا صرف پاکستان میں بلکہ دنیا بھر میں کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کرتے ہوئے یوم سیاہ منایا جارہا ہے۔چیئر مین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے کہا کہ کشمیری عوام پر ظلم بندکیا جائے انکی حق خودداریت کو تسلیم کیا جائے۔