سفارتکاروں کو نکالنا پاکستان اور بھارت کا اندرونی معاملہ ہے٬امریکا

دونوں ملکوں کو سرحد پر جھڑپوں سمیت تمام تنازعات مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہیے٬ترجمان امریکی محکمہ خارجہ جان کربی

جمعہ 28 اکتوبر 2016 13:23

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اکتوبر2016ء) امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے کہاہے کہ بھارت اور پاکستان کے ایک دوسرے کے سفارتکاروں کو نکالے جانے سے باخبر ہیں۔ دونوں ملکوں کو سرحد پر جھڑپوں سمیت تمام تنازعات مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق واشنگٹن میں بریفنگ کے دوران جان کربی کا کہنا تھاکہ ایک دوسرے کے سفارتی ارکان کا نکالا جانا پاکستان اور بھارت کا اندرونی معاملہ ہے۔

دونوں ملکوں کے درمیان سرحدوں پر بڑھتی ہوئی کشیدگی باعث تشویش ہے۔ امریکہ کی خواہش ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سفارتی تنازع ہو یا سرحدوں پر جھڑپیں دونوں ملکوں کو تمام تنازعات مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اسلام آباد اور نئی دہلی کو دو طرفہ مذاکرات کی ترغیب دیتا رہے گا۔