پبلک اکائونٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی نے او جی ڈی سی ایل کے ملازمین کی تصدیق شدہ فہرست طلب کر لی

جمعہ 28 اکتوبر 2016 12:38

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2016ء) پبلک اکائونٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی نے آڈیٹرجنرل کو ہدایت کی ہے کہ او جی ڈی سی ایل کے ملازمین کی فہرستوں کی جانچ پڑتال اور تصدیق کرکے 15 دنوں میں رپورٹ پیش کی جائے۔ اجلاس جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس میں کمیٹی کے کنوینر میاں عبدالمنان کی زیر صدارت ہوا جس میں متعلقہ اداروں کے سرکاری افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کے زیر التواء آڈٹ اعتراضات کے حوالے سے او جی ڈی سی ایل کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

ذیلی کمیٹٰی کو بتایا گیا کہ ادارے میں کوئی گھوسٹ ملازمین نہیں ہیں٬ بلوچستان میں پیرکو10 لوٹی گیس فیلڈز چل رہے ہیں جن سے پہلے 120 تا 150 ملین مکعب فٹ گیس حاصل ہوتی تھی مگر اب یہ15 سے 20 ملین مکعب فٹ ہے ٬ وہاں کام کم ہونے کی وجہ سے ملازمین کی تعداد پہلے کے مقابلے میں اب بھی زیادہ ہے٬ ریٹائرمنٹ کی وجہ سے ملازمین کم ہوئے تاہم کوئی نئی بھرتی نہیں کی گئی٬ ان فیلڈز پر بدستور ملازمین کام کررہے ہیں۔ پی اے سی نے آڈٹ حکام کو ہدایت کی کہ او جی ڈی سی ایل کے ملازمین کی فہرستوں کی جانچ پڑتال اور تصدیق کرکے رپورٹ15 دنوں میں پی اے سی کو پیش کی جائے۔