وزیر اعظم نواز شریف کوہاٹ پہنچ گئے، گیس فراہمی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

کوہاٹ میں خواتین کے لیے ویمن کیمپس، کوہاٹ میں اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپتال بنانے کا اعلان ، ضلع کونسل کوہاٹ کے لیے تیس کروڑ اور تحصیل کونسل کے لیے دس کروڑ روپے کا اعلان بھی کیا۔ پاکستان تیزی سے ترقی کر رہا ہے ، اپوزیشن کو ڈر ہے کہ اگر ترقی جاری رہی تو ان کی سیاست ختم ہو جائے گی۔ 2018 کے آخر تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کر دیا جائے گا ۔ وزیر اعظم نواز شریف کا جلسے سے خطاب

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 28 اکتوبر 2016 11:43

وزیر اعظم نواز شریف کوہاٹ پہنچ گئے،  گیس فراہمی منصوبے کا سنگ بنیاد ..

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28 اکتوبر 2016ء) : وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کوہاٹ پہنچ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کوہاٹ میں وزیر اعظم میاں محمد نوا زشریف نے یونین کونسلوں کو گیس کی فراہمی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد وزیر اعظم نواز شریف قلعہ گراؤنڈ میں جسلہ گاہ پہنچے۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آج کوہاٹ آ کر مجھے دلی خوشی ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عباس آفریدی کے مسلم لیگ ن میں شمولیت کے بعد میں نے انہیں مبارکباد دی جس کے بعد میں نے ان سے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ کوہاٹ میں کوئی تحفہ لیکر جاؤں۔ ان کا کہنا تھا کہ کوہاٹ کوتبدیل ہونا چاہئیے اور یہاں تبدیلی آئے گی۔ وزیر اعظم نواز شریف نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ کوہاٹ میں گیس فراہمی کے منصوبوں پر 3.9 ارب روپے لاگت آئے گی۔

(جاری ہے)

4 ارب تو کیا میں کوہاٹ کے لیے اپنی جان بھی نچھاور کر سکتا ہوں۔ وزیر اعظم نوا زشریف نے جلسے سے خطاب میں کوہاٹ میں اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپتال بنانے کا اعلان کر دیا۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ اب کسی کو علاج کی غرض سے پشاور ، اسلام آباد یا لاہور نہیں جانا پڑے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کوہاٹ سے کرک تک کی سڑک کو مزید کشادہ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کوہاٹ کو ہائی وے سے ملانے کا کام جلد شروع کر دیا جائے گا۔

چئیر مین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو سڑک بنانے کے احکامات دے دئے گئے ہیں، ہائی وے بننے سے پشاور اور اسلام آباد کا راستہ کم ہو جائے گا۔ وزیر اعظم نوا زشریف نے مزید کہا کہ ہم کوہاٹ میں مفت علاج کا منصوبہ بھی لیکر آئیں گے جس کے بعد کسی کو علاج کے لیےاپنی جائیداد نہیں بیچنی پڑے گی۔ انہوں نے کوہاٹ کی خواتین کے لیے ویمن کیمپس کے قیام کا اعلان بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم راولپنڈی سے کوہاٹ تک ریل سروس کا بھی اعلان کریں گے۔ جلسے سے خطاب میں وزیر اعظم نوا زشریف نے ضلع کونسل کوہاٹ کے لیے تیس کروڑ اور تحصیل کونسل کے لیے دس کروڑ روپے کا اعلان بھی کیا۔ وزیر اعظم نوا زشریف کا کہنا تھا کہ2018کے اختتام تک ملک سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے ۔ پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات میں بھی نمایاں کمی آئی ہے۔ ان کا کنا تھا کہ اپوزیشن کو یہ ڈر ہے کہ اگر ترقی جاری رہی تو ان کی سیاست ختم ہو جائے گی۔خیبر پختونخواہ میں بھی انہوں نے کچھ نہیں کیا۔