انسانی زندگی بچانے کے لئے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

جمعہ 28 اکتوبر 2016 11:20

پشاور۔28اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2016ء) لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں انسانی زندگی بچانے کے موضوع پر ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا ہسپتال ترجمان کے مطابق نئے ہائوس آفیسر کے لئے منعقدہ کورس میں کسی بھی ناگہانی صورت میں مریض کی جان بچانے کے لئے تربیت دی گئی ٬ْ کورس میں چالیس ڈاکٹروں نے حصہ لیا جن کو باقاعدہ عملی تربیت دی گئی کہ وہ کون سی احتیاطی تدابیر اختیار کریں جن سے کسی کی جان بچائی جا سکتی ہے ۔

اس موقع پر مختلف قسم کی لائف سیونگ مشینیں اور آکسیجن بیگ کا استعمال اوررکے ہوئے سانس کو بحال کرنے کے گر سکھائے گئے اس موقع پر میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسرڈاکٹر مختیار زمان نے کہا کہ اس طرح کی تربیت سے ڈاکٹر اس قابل ہوں گے کہ کسی بھی بیمار یا زخمی کی جان بچانے کے لئے فوری امداد دے سکیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نئے آنے والے ڈاکٹروں کو خصوصی طور پر تربیت دی جا رہی ہے تاکہ وہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کومزید بڑھا سکیں اوراس طرح لوگوں کی جان بچانے اور فوری علاج مہیا کرنے کے قابل ہو سکیں ۔

انچارج ایمرجنسی اینڈ ایکسیڈنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر وہاب کا کہنا تھا کہ مستقبل میں بھی اس طرح کی تربیت کا اہتمام کریں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ ڈاکٹرز اس سے فائدہ اٹھا سکیں ورکشاپ کے اختتام پر تربیت میں حصہ لینے والے ڈاکٹروں کو سرٹیفکیٹس بھی دیئے گئے۔