مظفرگڑھ میں بین الاقوامی معیارکی تھل جیپ ریلی ضلع کیلئے اعزازہے٬ڈی سی او

جمعرات 27 اکتوبر 2016 23:06

مظفرگڑھ۔27 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اکتوبر2016ء)ڈی سی اومظفرگڑھ شوکت علی نے کہاہے کہ ضلع مظفرگڑھ میں بین الاقوامی معیارکی تھل جیپ ریلی ضلع کیلئے ایک اعزازہے جس میں بین الاقوامی شہرت یافتہ ڈرائیورز شرکت کریں گے ۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس میگا تقریب کے انعقاد سے جہاں عوام کوایک صحت مند تفریح میسرآئے گی وہاں ضلع کی ثقافت اورعلاقائی کھیلوں کوبھی فروغ ملے گااورمظفرگڑھ کے نام کوبین الاقوامی سطح پرجاناجائے گا۔

انہوںنے کہاکہ ریلی کیلئے 160کلومیٹرکاٹریک تیارکرلیاگیاہے جس پرسیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں ۔انہوںنے بتایاکہ ٹریک ہیڈمحمدوالا سے شروع ہوکر ضلع لیہ کی حدودسے ہوتاہوا واپس ہیڈمحمدوالا پرختم ہوگا ۔

(جاری ہے)

ٹریک کے راستے میں 14چیک پوسٹ بنائی گئی ہیں ہرچیک پوسٹ پرپولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ ریسکیو1122کاعملہ اورایمبولینس موجودہوں گی ۔

ڈی سی اونے بتایاکہ 3روزہ تقریبات میں 3نومبر کوابتدائی مرحلے کاکام جس میں گاڑیوں کی پڑتال ٬نمبرزکی الاٹمنٹ اورڈرائیورزکی نیویگیٹرکانفرنس ہوگی ۔ 4نومبر کوکوالیفائی رائونڈہوگا جبکہ 5نومبر کوصبح ساڑھے 8بجے ریس کاآغازہوگاجوشام 4بجے ختم ہوگا ۔جس کے بعد فیصل سٹیڈیم مظفرگڑھ میں انعامات کی تقسیم کی تقریب کاانعقاد ہوگا۔انہوںنے مزیدبتایاکہ شائقین کوصحت مندتفریح فراہم کرنے کیلئے بھی انتظامات کئے گئے ہیں٬4اور5نومبرکوہیڈمحمدوالا پرفوڈسٹریٹ بھی بنائی جائے گی ۔اس کے علاوہ علاقائی ثقافت کے فروغ کیلئے مختلف کھیلوں ٬جھومراوردیگرتقریبات کابھی اہتمام کیاجائے گا۔اس موقع پراے ڈی سی مہرخالد اورای ڈی اوسی ڈی غلام عباس سومروبھی ان کے ہمراہ تھے۔