Live Updates

عمران خان اور ان کے ساتھی غیر قانونی طریقے سے اسلام آباد کو یرغمال بنا رہے ہیں٬ وفاقی وزیر احسن اقبال

جمعرات 27 اکتوبر 2016 22:25

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اکتوبر2016ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان اور ان کے ساتھی غیر قانونی طریقے سے اسلام آباد کو یرغمال بنا رہے ہیں جس سے پاکستان کا عالمی سطح پر برا تاثر جائے گا٬ عمران خان منفی سیاست کر رہے ہیں جسے عوام نے مسترد کر دیا ہوا ہے٬ عمران خان یورپ میں لندن اور روم کے اختجاج کی مثالیں تو دیتے ہیں لیکن انہیں یہ بھی پتہ ہونا چاہیے کہ وہاں پرامن اختجاج ہوتا ہے جس کے دوران ایک گملا تک بھی نہیں ٹوٹتا لیکن پی ٹی آئی تو طاقت کے بل بوتے پر یہاں دارالحکومت اسلام آباد کو ہی یرغمال بنانے کی بات کر رہی ہے اور 2014ء کے دھرنے میں بھی ان لوگوں نے جو کچھ کیا وہ سب جانتے ہیں٬ جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پورے ملک میں جلسے جلوس کرتی آئی ہے جس میں حکومت نے انہیں بالکل بھی نہیں روکا بلکہ انہیں سیکیورٹی بھی فراہم کی لیکن اب ان کی پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کو بند کر دینے کی کال مناسب نہیں جو سمجھ سے بالا تر ہے٬ پاکستان ایک ایٹمی ملک ہے اور ہمارے دشمن کی نظریں پاکستان پر لگی ہوئی ہیں جو اسے ایک غیر محفوظ ملک ثابت کرنے میں لگا ہوا ہے اور ایسے میں عمران خان کی اسلام آباد کو بند کرنے کی کال خدانخواستہ ایک ایسی روایت ڈال دے گی کہ ہر کوئی ایک جتھے کی شکل میں دارالحکومت پر دھا وا بول دے گا جو درست عمل نہیں اور ایسی روایت سے دنیا کے سامنے پاکستان کا کیا امیج جائے گا٬ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی 02 نومبر کو جو کرنے جا رہی ہے اس کا جمہوریت سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں بلکہ یہ لوگ طاقت کے بل بوتے پر دارالحکومت اسلام آباد کو یرغمال بنانے آ رہے ہیں٬ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے یوتھ کنونشن میں خواتین پر تشدد نہیں ہوا اور ٹی وی مناظر میں بھی یہی دکھایا گیا ہے٬ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی منفی اور اختجاجی سیاست کو مسترد کر دیا ہے جس کا ثبوت عوام نے انہیں آزاد کشمیر سمیت گلگت بلتستان اور ضمنی انتخابات میں مسترد کر کے دیا ہے اور پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت پر اعتماد کا بھرپور اظہار کیا٬ پاکستان روز بروز ترقی کر رہا ہے جس کی معیشت بھی روز بروز مستحکم ہوتی جا رہی ہے٬پاکستان کو اندھیروں سے نکالنے کے لیے تونائی کے منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے اور ہم پرعزم ہیں کہ 2018ء کے انتخابات سے قبل ملک سے اندھیروں کے خاتمے میں کامیاب ہو جائیں گے٬ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کے لیے گیم چینجر ہے جس میں ایران سمیت سعودی عرب٬ افغانستان اور دیگر اہم ممالک بھی شامل ہونا چاہتے ہیں جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستانی حکومت کی پالیسیاں درست اور موثر ہیں جن کی بدولت بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بحال ہو رہا ہے اور وہ یہاں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں٬ ایک سوال کے جواب میں احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے شیخ رشید سے مل کر ایک منصوبہ بنایا ہے جس کا مطلب ہے کہ نہ کھیلیں گے اور نہ کھیلنے دیں گے اسی وجہ سے یہ لوگ ایسا کر رہے ہیں اور ملک میں افراتفری پھیلانا چا ہتے ہیں٬ عمران خان کو 2018ء کے انتخابات مین بھی ماضی کی طرح عوامی عدالت سے ناکامی ہی کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ پاکستان مسلم لیگ ن کی موجودہ حکومت ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے کوشاں ہے اور متعدد اہم فلاحی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے٬ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف عدالتوں سمیت اداروں سے اپنی مرضی کے فیصلے چاہتی ہے جو نہیں ہو سکتا٬ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو پرامن جلسے جلوس سے نہ تو پہلے روکا گیا اور نہ ہی اب روکا جائے گا لیکن اگر یہ لوگ کوئی غیر قانونی کام کرتے ہیں اور دارالحکومت اسلام آباد کو بند کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو پھر حکومت اپنا آئینی و قانونی حق استعمال کرتے ہوئے دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :