اسمال ٹریڈر زکے تحت آج ناز پلازہ میں تاجروں کا نمائندہ اجلاس منعقد ہوگا

اجلاس میں مارکیٹوں کی جلد بند ش ٬شیٹر توڑ کارروائیوںاور عدم صفائی پر لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ٬محمود حامد

جمعرات 27 اکتوبر 2016 22:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2016ء) آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے صدر محمود حامد نے کراچی کی مارکیٹوں میں شیٹر توڑ گروہ کی کارروائیوں اور سینکٹروں دوکانیں لوٹنے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں جاری آپریشن کے باعث تاجروں کو کافی ریلیف ملا تھا ۔ بھتہ خوری ٬ ٹارگٹ کلنگ اور بدامنی سے لوگوں کو چھٹکارا ملا تھا مگر جرائم پیشہ عناصر نے تاجروں کو دوسرے انداز سے لوٹنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے ۔

گزشتہ روز جامی سینٹر نزد جامع کلاتھ مارکیٹ میں اس جرائم پیشہ گروہ نے رات میں 30دوکانوں کے تالے توڑ کر لاکھوں روپے کیش لوٹ لیا۔اس سے قبل اردو بازار ٬آٹو پلازہ مارکیٹ ٬ دہلی مارکیٹ ٬ ایمپریس مارکیٹ اور دیگر مارکیٹوں میں ایسی کارروائیوں میں سینکٹروں دوکانوں کے شٹر توڑ کر کروڑوں روپے لوٹے جاچکے ہیں ۔

(جاری ہے)

سوال یہ پیداہوتاہے کہ مارکیٹوں میں موجود پولیس اہلکار اور ناکے لگاکر جرائم پیشہ افراد کو پکڑنے والے ایسی کارروائیوں کے وقت کہاں سورہے ہوتے ہیں تلاشیوں سے عام آدمی کو تو پریشان کیا جاتا ہے لیکن 30دوکانیں لوٹ کر فرار ہونے والے پولیس کو نظر نہیں آتے ۔

دوسری جانب حکومت شاہی فرمان کے ذریعے مارکیٹوں کو 7بجے شام بند کرانا چاہتی ہے اور تاجروں کی تجاویز اور سفارشات پر چپ ساد رکھی ہے ۔ اسمال ٹریڈرزکے صدر نے کہا کہ حکومت مارکیٹیں کو جلد بند کرانا چاہتی ہے مگر مارکیٹ کے اندر پڑے ہوئے کچرے اور غلاظت کو صاف کرانے کے لیے کوئی عملی قدم نہیں اٹھارہی ۔ مارکیٹوں کے راستوں اور سڑکوں کی حالت ایسی ہے کہ جیسا موہن جودڑو کے کھنڈرات ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ ان مسائل پر غور اور فیصلوں کے لیے کل شام کراچی کے تاجروں کا نمائندہ اجلاس ناز پلازہ مارکیٹ میں منعقد کیا جائے گا جس میں تاجروں کے تحفظ اور جائز مطالبات کے لیے تاجر لائحہ عمل کا اعلان کریں ۔