کروڑوں روپوں کے سرمائے سے عمارات تو کھڑی کی گئی ہیں لیکن ان کو فعال نہیں کیا گیا اور اب یہ مشق ختم ہوجانی چاہئے٬ صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ

جمعرات 27 اکتوبر 2016 22:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2016ء) محکمہ ثقافت٬سیاحت و نوادرات کے صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ یہ امر باعثِ افسوس ہے کہ کروڑوں روپوں کے سرمائے سے عمارات تو کھڑی کی گئی ہیں لیکن ان کو فعال نہیں کیا گیا اور اب یہ مشق ختم ہوجانی چاہئے اور میں اس ضمن میں کوئی بھی کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار ا نہوںنے آج نیو کراچی میں قائم جناح کلچرل کامپلیکس کے اچانک دورے کے دوران کیا۔

صوبائی وزیر نے کلچرل کامپلیکس کی بہت بڑی عمارت اور 365 نشستوں والے آڈیٹوریم بلڈنگ کی غیر فعالی پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور محکمے کے افسران کو انتباہ کیا کے وہ اس کلچرل کامپلیکس کو فوری طور پر فعال کریں تاکہ مقامی آبادی یہاں پر مختلف ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کے انعقاد سے مستفید ہو سکیں۔

(جاری ہے)

وہاں موجود میڈیا سے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر ثقافت سید سردار شاہ نے کہا کہ مشفیق خواجہ ٹرسٹ کے ایگزیکیوٹو ڈئریکٹر ان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ ان کو ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کے لئے جناح کلچرل کامپلیکس کا ایک فلور ان کے حوالے کیا جائے جس کے حوالے سے ان کے ساتھ محکمہ ایک میمورینڈم آف انڈراسٹینڈنگ (MOU) دستخط کرے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ ایک بہت ہی افسردہ بات ہے کہ ہماری لائبریریوں میں ہزاروں نایاب دستاویز اور میوزیم میں بے بہا چیزیں رکھی ہوئی ہیں جن کو اگر کمپیوٹرائیزڈ نہ کیا گیا تو وہ ناقابلِ شناخت ہوجائیں گی۔ اسی ضمن میں ہزاروں قسم کی ادبی مخزن ہماری لائبریوں میں مٹی میں پڑے ہیں جن کو سنبھالنے کی ضرورت ہے۔کیونکہ محقق اور طلبہ کو ایسے نایاب مخزن کے لئے ہزاروں میل سفر کرنے کی تکلیف اٹھانی پڑتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مشفق خواجہ ٹرسٹ یونیورسٹی آف شکاگو کے ساتھ اشتراکی عمل ہے جس کے تحت یونیورسٹی میں ٹرسٹ کے 40 ہزار کتابیں اور 18 ہزار تحقیقی جنرلز تک رسائی حاصل کر لی ہے اور اگر محکمہ ثقافت اور ٹرسٹ کے مابین ایم ایو یو ہو جاتا ہے یہ کتب کااتنا بڑا ذخیرہ جناح کلچرل کمپلیکس میں رکھا جائے گا جس سے مقامی طلبہ اور محققین مستفید ہونگے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ صوبائی محکمہ ورکس اینڈ سروسز سے بات کریں گے کہ وہ کلچرل کامپلیکس میں بجلی فراہم کرنے کا کام جلد مکمل کر لیا جائے تاکہ بغیر کسی تعطل کے کامپلیکس میں ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کا آغاز ہو سکے۔ انہوں نے کلچرل کامپلیکس کے انچارج کو ہدایت دی کے وہ لائبریری سیکشن کو طلبہ کے لئے فوری طور پر کھول دیں اور کلچرل کامپلیکس میں ادبی و ثقافتی سرگرمیاں ریگیولر بنیادوں پر کی جائیں تاکہ عمارت کھڑی کرنے کا اصل مقصد حاصل ہو سکے۔ صوبائی وزیر نے سیکریٹری ثقافت کو ہدایت دی کہ وہ مشفیق خواجہ ٹرسٹ کے ساتھ تمام معاملات طئے کر لیں تاکہ بلاتاخیر ان کے ساتھ معاہدہ کیا جا سکے۔