پولیس نے اراکین اسمبلی ٬رہنمائوں کی گرفتاری کیلئے گھروں٬ دفاتر پر چھاپے مارنے کا سلسلہ شروع کر دیا‘ ترجمان پی ٹی آئی

محمود الر شید کے دفتر پر چھاپہ مارا ٬عدم موجودگی پر ملازمین سے پوچھ گچھ کی گئی٬علیم خان کے تین سکیورٹی گارڈ گرفتار کرلئے گئے‘ ترجمان رکن اسمبلی سعدیہ سہیل راناکی طرف سے پولیس پر چھاپے کا الزام ٬محمودالرشیدآج سپیکر سے ملاقات کر کے معاملہ اٹھائینگے

جمعرات 27 اکتوبر 2016 22:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2016ء) لاہور پولیس نے تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی اوررہنمائوں کی گرفتاری کیلئے گھروںاور دفاتر پر چھاپے مارنے کا سلسلہ شروع کر دیا۔ تحریک انصاف کے ترجمان کے مطابق پولیس نے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید کے دفتر واقع مسلم ٹائون پر چھاپہ مارا تاہم محمود الرشید دفتر میںموجود نہ تھے جس پر ملازمین سے پوچھ گچھ کی گئی ۔

ترجمان کے مطابق پولیس نے دفتر کے گرد گشت بڑھا دیاہے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابقمیاں محمود الر شید آج جمعہ کے روز سپیکر پنجاب اسمبلی سے ملاقات کرکے پولیس کے چھاپوں کا معاملہ اٹھائیں گے۔ رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا کی طرف سے بھی پولیس چھاپے کا بیان سامنے آیا ہے ۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ پولیس نے پی ٹی آئی وسطی پنجاب کے صدر عبد العلیم خان کے دفتر پر چھاپہ مارا تاہم عبد العلیم خان موجودنہ تھے جس پر ان کے تین سکیورٹی گارڈز کو گرفتار کرلیا گیا ۔

ذرائع کے مطابق پولیس کی طرف سے پی ٹی آئی کے رہنمائوں اور متحرک کارکنوںکی فہرستیں مرتب کرلی گئی ہیں اور آئندہ ایک دو روزتک گرفتاریوں میںشدت آنے کا امکان ہے۔ دوسری طرف پی ٹی آئی کے کئی متحرک کارکن ممکن گرفتاریوں سے بچنے کیلئے روپوش ہو گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :