ایشین ڈویلپمنٹ بینک کا ژوب اور خضدار میں آبی ذخائر کی تعمیر میں دلچسپی کا اظہار

جمعرات 27 اکتوبر 2016 21:43

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اکتوبر2016ء) ایشین ڈویلپمنٹ بینک نے ژوب اور خضدار کی تحصیل مولٰہ میں دو آبی ذخائرتعمیر کرنے کے منصوبوں کے لیے معاونت کی فراہمی میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے٬ ان آبی ذخائر کی کے تعمیر سے صوبے میں زراعت ٬ آبپاشی اور ماحول پر غیرمعمولی اثرات مرتب ہوں گے ٬ ان آبی ذخائر کی تعمیر پر115ملین ڈالر لاگت آئیگی جو ایشین ڈویلپمنٹ بینک 25سال کی طویل مدت کے لیے آسان شرائط پر سافٹ لون کے طور پر فراہم کریگا٬ ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے ایک وفد نے اکمل صدیق ڈائریکٹر انوائرمنٹ نیچرل ریسورس ڈویژن اینڈ ویسٹ ڈیپارٹمنٹ کی قیادت میں جمعرات کے روز یہاں وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء خان زہری سے ملاقات کی اور انہیں مجوزہ منصوبوں پر تفصیلات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت سردار اسلم بزنجو٬ ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات دائود بڑیچ٬ چیئرمین بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ خواجہ ہمایوں نظامی٬ سیکرٹری زراعت عبدالرحمان بزدار اور محکمہ آبپاشی کے حکام بھی موجود تھے۔ ایشن ڈویلپمنٹ بینک کے حکام نے اجلاس کو بتایا کہ آبی ذخائر کی تعمیر کے منصوبے کے تحت ژوب اور مولہ ٰ میں مختلف اسکیمات شامل ہوں گی اور فلڈ پروٹیکشن ٬ چھوٹے ڈیمزاور پانی کی گزرگاہیں تعمیر کی جائیں گی٬ جن سے زراعت ٬ آبپاشی اور ماحولیات پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں زراعت میں جدت ناگزیر ہے ٬ماحولیاتی تبدیلی کے سبب پاکستان کا شمار بھی دنیا کے کم آبی ذخائر رکھنے والے ممالک میں ہوتا ہے٬ جبکہ بلوچستان میں پانی کی کمی کا سنگین مسئلہ درپیش ہے جس سے نمٹنے کے لیے شعبہ زراعت میں کم پانی کے استعمال کی جدید طریقہ متعارف کر کے بہتر نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں مختلف اقسام کے پھل پیدا ہوتے ہیں٬ ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی خواہش ہے کہ بلوچستان میں ڈرپ ایریگشن سسٹم متعارف کرایا جائے جس سے نہ صرف صوبے کے پھلوں اور دیگر زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ اس سے پانی کی بھی بچت ہوگی۔

انہوں نے بلوچستان کی زراعت اور آبپاشی کے محکموں پر مشتمل ٹیم کو ازبکستان میں ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے تحت قائم ڈرپ ایرگیشن سسٹم کا معائنہ کرنے کی بھی دعوت دی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ موجودہ حکومت صوبے کی ترقی کے لیے بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور دوست ممالک کے تعاون کا خیرمقدم کریگی٬ بلوچستان ایک زرعی صوبہ ہے اور یہاں کی آبادی کی بڑی تعداد کا ذریعہ معاش زراعت اور لائیواسٹاک سے وابستہ ہے اور حکومت زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے بلکہ انہوں نے کہ صوبے میں کم وسائل کے باوجود حکومت زراعت٬ لائیواسٹاک اور فراہمی آب کے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے جن کی تکمیل سے صوبے بھر میں غیر معمولی تبدیلی آئیگی۔