شاہ محمود قریشی نے کارکنوں کی رہائی کے بدلے اپنی اور اسدعمر کی گرفتاری کی پیشکش کردی

پر امن احتجاج ہمارا حق ہے ٬ موجودہ دور حکومت آمریت سے بھی بدتر ہے٬تحریک انصاف کے گرفتار کارکنوں کی رہائی کے لئے قانونی کاروائی اختیار کریں گے ٬تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی میڈیا سے گفتگو اسلام آباد کے ہوٹلوں اور گیسٹ ہائوسز کو تحریری دھمکیاں دی جا رہی ہیں ٬ حکومت پریس والوں کو پی ٹی آئی کے بینرز اور پوسٹر چھاپنے سے منع کر رہی ہے ٬ اگر پہلے 10لاکھ افراد اسلام آباد آرہے تھے اب 20لاکھ آئیں گے٬ اسد عمر

جمعرات 27 اکتوبر 2016 21:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 اکتوبر2016ء) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین ورکن قومی اسمبلی شاہ محمود قریشی نے کارکنوں کی رہائی کے بدلے اپنی اور اسدعمر کی گرفتاری کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پر امن احتجاج ہمارا حق ہے ٬ موجودہ دور حکومت آمریت سے بھی بدتر ہے٬تحریک انصاف کے گرفتار کارکنوں کی رہائی کے لئے قانونی کاروائی اختیار کریں گے ٬ اسد عمرنے کہا کہ اسلام آباد کے ہوٹلوں اور گیسٹ ہائوسز کو تحریری دھمکیاں دی جا رہی ہیں ٬ حکومت پریس والوں کو پی ٹی آئی کے بینرز اور پوسٹر چھاپنے سے منع کر رہی ہے ٬ اگر پہلے 10لاکھ افراد اسلام آباد آرہے تھے اب 20لاکھ آئیں گے۔

وہ جمعرات کو بنی گالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف یاد رکھیں آپ بھی اپوزیشن میں تھے ٬ حال کے اندر تقریب جاری تھی تو دفعہ144نافذ کر دی گئی ٬ آج قانون کی دھجیاں اڑتے دیکھیں٬ ہمارے ہاتھ میں ڈنڈا نہیں تھا پھر بھی ہماری نہتی خواتین پر لاٹھیاں برسائی گئیں ٬ آمریت میں بھی ایسا نہیں ہوتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ہمارا حق ہے ٬ ہم نے کوئی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی ٬ آئی جی اسلام آباد نہیں ملے کمشنر سے بات کرنے کی کوشش کر رہا ہوں٬ تحریک انصاف کے گرفتار کارکنوں کی رہائی کے لئے قانونی کاروائی اختیار کریں گے ٬ آئی جی اسلام آباد اور کمشنر سے مطالبہ ہے کہ کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے ٬کارکنوں کے بدلے مجھے اور اسدعمر کو گرفتار کیا جائے ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسدعمر نے کہا کہ گرفتاریاں قانونی نہیں تھیں غنڈہ گردی کی گئی ٬ اسلام آباد کے ہوٹلوں اور گیسٹ ہائوسز کو تحریری دھمکیاں دی جا رہی ہیں ٬ حکومت پریس والوں کو پی ٹی آئی کے بینرز اور پوسٹر چھاپنے سے منع کر رہی ہے ٬ اگر پہلے 10لاکھ افراد اسلام آباد آرہے تھے اب 20لاکھ آئیں گے٬ عدالت نے پرامن کارکنوں کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا ہے ٬2نومبر کو عوام کے سمندر کو اسلام آباد آنے سے نہیں روکا جا سکتا ۔(ار)