کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو ریاستی جبر سے دبانا ناممکن ہی:صہیب کاکا خیل

جمعرات 27 اکتوبر 2016 21:03

لاہور۔27 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اکتوبر2016ء) اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ صہیب الدین کاکا خیل نے کہا ہے کہ کشمیر کے عوام کے جذبہ حریت کو ریاستی جبر سے دبانا ناممکن ہے۔ کشمیری عوام کی 70سالوں سے جاری جدوجہد مقامی ہے۔جس کا مقصد نام نہاد جمہوریت کے ورلڈ چیمپئن سے آزادی حاصل کرنا ہے۔یہ تحریک وہاں کے بہادر عوا م نے شروع کی اور وہی اس کو کامیاب بنائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد ی کشمیر طلبہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا پیلٹ گنوں کے چھرے آنکھوں سے بینائی تو چھین سکتے ہیں مگر آزادی کا خواب مٹا نہیں سکتے۔لائن آف کنٹرول پر لگے پاکستانی پرچم کشمیریوں کی پاکستان سے محبت کا ثبوت ہیں۔انہوںنے کہا کہ کشمیرکے عوام کے دل پاکستان سے محبت میں دھڑکتے ہیں۔

(جاری ہے)

مسئلہ کشمیر ٬ کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔

انہوںنے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔ ترکی میں ہونے والے انٹرنیشنل یوتھ فورم کے اجلاس میں کشمیری عوام کی جدوجہد کی حمایت میں اسلامی جمعیت طلبہ نے قرارداد منظور کرائی۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں اسلامی جمعیت طلبہ نے کشمیریوں کی حمایت میں احتجاجی ریلیاں منعقد کیں تاکہ دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر کی جانب مبذول کرائی جا سکے ۔