جماعت اسلامی کے اجتماع ارکان کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں٬پنڈال سج گیا٬کھانے پینے کے اسٹال لگادیئے گئے

لوگوں کے قافلے بڑی تعدادمیں وحدت کالونی گرائونڈلاہور میں پہنچنا شروع ہوگئے جماعت اسلامی پنجاب کے سالانہ اجتماع کے سلسلہ میںلیاقت بلوچ٬ میاں مقصود احمداور ذکراللہ مجاہدودیگرکی پریس کانفرنس

جمعرات 27 اکتوبر 2016 19:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 اکتوبر2016ء) جماعت اسلامی پنجاب کے اجتماع ارکان کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ہزاروں افراد کے قافلے وحدت گرائونڈ میں پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔12ایکڑپر محیط رقبے پر اجتماع گاہ کاپنڈال سجادیا گیا ہے۔200فٹ کا خوبصورت اسٹیج بھی تیاراورکھانے پینے کے سینکڑوں اسٹال بھی لگادیئے گئے ہیں۔وحدت کالونی گرائونڈلاہور میں وسیع وعریض اجتماع گاہ کوبینروں٬فلیکس٬اور جھنڈوں سے سجادیا گیا ہے۔

اجتماع ارکان کے موقع پر پارکنگ اور سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار مقررین نے گزشتہ روزوحدت کالونی گرائونڈمیں اجتماع ارکان کی تیاریوں کاجائزہ لینے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ٬میاں مقصوداحمد اور ذکر اللہ مجاہد نے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر فرید احمدپراچہ٬راشد نسیم٬وقاص انجم جعفری٬شیخ عثمان فاروق٬عزیر لطیف٬بلال قدرت بٹ٬سردار ظفرحسین٬نذیر احمد جنجوعہ٬فاروق چوہان ودیگر بھی موجود تھے۔

لیاقت بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ اجتماع جماعت اسلامی کے لیے مفید سرگرمی اور پوری قوم کے لیے نجات کاذریعہ بنے گا۔ہمارے اس سے قبل خیبرپختونخواہ اور بلوچستان میں بھی کامیاب اجتماعات ہوئے ہیں۔جولوگ ظلم سے نجات چاہتے ہیں جماعت اسلامی پنجاب کا اجتماع ان کے لیے امید کی کرن ثابت ہوگا۔میگااسکینڈلز٬پانامالیکس اور دیگرکرپشن کی داستانوں میں جماعت اسلامی کا دامن بالکل صاف ہے۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب کی37اضلاع سے قافلے اس اجتماع میں پہنچ رہے ہیں اس حوالے سے سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔30اکتوبرکرپشن مٹائوپاکستان بچائومارچ میں تمام دینی اور سیاسی جماعتوں کوبھی دعوت دی جائے گی۔کرپٹ عناصر کے خلاف عوام کو بیدارکرنے کی ضرورت ہے۔اجتما ع ارکان میں کشمیر سیشن بہت اہم ہے۔جماعت اسلامی ہمیشہ کشمیریوں کی پشتیبان رہی ہے۔

میڈیاہمارے پیغام کو عام لوگوں تک پہنچائے۔انہوں نے مزیدکہاکہ اجتماع٬جلسے اور دھرنے کرنا اپوزیشن کاحق ہے۔مگر اس سے پاکستان کے آئین٬عدلیہ اور جمہوریت کے دروازے بند نہیں ہونے چاہئیں۔کرپشن کے خلاف جوبھی آوازاٹھائے گا ہم اس کا خیر مقدم کریں گے۔ملک میں اپوزیشن جماعتوں کاکوئی مشترکہ پلیٹ فارم نہیں۔ہر سیاسی پارٹی کااپنا لائحہ عمل ہے۔

امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا کہ جماعت اسلامی کا عظیم الشان اجتماع ارکان وکارکنوں میں ایک نیاجذبہ اور ولولہ پیداکرے گا۔ملک میں بے چینی اور سیاسی کشمکش سے عوام پریشان اور اپنے مستقبل کے بارے فکر مند ہیں۔حکمران مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔مسائل میں کمی کی بجائے اضافہ برسراقتدار افراد کی بدترین کارکردگی کامظہر ہے۔

ایسے حالات میں صرف اور صرف جماعت اسلامی عوام کو مشکلات سے نجات دلاسکتی ہے۔ہمارے ہزاروں افراد مختلف ادوار میں منتخب ہوکر قومی٬صوبائی اسمبلیوں اور سینیٹ میں گئے الحمدللہ کسی ایک پر بھی کرپشن کاکوئی الزام نہیں۔عوام آئندہ انتخابات میں جماعت اسلامی کو ووٹ دیں تو ملک وقوم کی تقدیر بدل کررکھ دیں گے۔ذکراللہ مجاہدنے مزیدکہاکہ جماعت اسلامی پنجاب کا28تا30کاکتوبر کااجتماع ارکان صوبے میں تبدیلی کاپیش خیمہ ثابت ہوگا۔

شرکاء اجتماع کی سیکیورٹی کے حوالے سے ہزاروں رضاکاراپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے۔ہمارااجتماع ہر حوالے سے پُرامن ہوگا۔شہر کے باہر سے آنے والے قافلوں کی رہنمائی کے لیے تمام داخلی راستوں پر استقبالیہ کیمپ لگادیئے گئے جن میں جماعت اسلامی کے کارکن لوگوں کی رہنمائی کے لیے ہر وقت موجود رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :