جنہیں حکومت کرنے کا شوق ہے انہیںجمہوری انداز میں انتخابات جیت کر پارلیمنٹ کی مضبوطی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے٬ ’’ آیا آیا اورگیا گیا ‘‘ جیسے نعروں کازمانہ اب نہیں رہا٬ تخریبی اور منفی سر گرمیوں میں ملوث ہونے کی بجائے ہمیں کرپشن سمیت دیگر اہم مسائل کو حل کرنے کے لیے ضرب عضب جیسا جذبہ درکار ہے

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کا پنجاب یونیورسٹی کے طلبائو طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب سے خطاب

جمعرات 27 اکتوبر 2016 19:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 اکتوبر2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ جنہیں حکومت کرنے کا شوق ہے انہیںجمہوری انداز میں انتخابات جیت کر پارلیمنٹ کی مضبوطی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے کیونکہ’’ آیا آیا اورگیا گیا ‘‘ جیسے نعروں کازمانہ اب نہیں رہا بلکہ عملی طور پر کچھ کردکھانے کا وقت ہے۔انہوں نے کہا کہ تخریبی اور منفی سر گرمیوں میں ملوث ہونے کی بجائے ہمیں کرپشن سمیت دیگر اہم مسائل کو حل کرنے کے لیے ضرب عضب جیسا جذبہ درکار ہے۔

وہ ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت پنجاب یونیورسٹی کے طلبائو طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب منعقدہ فیصل آڈیٹوریم میں شرکاء سے خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پرپنجاب یونیورسٹی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران٬ ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر ارشد علی٬ سینئر فیکلٹی و انتظامی عہدیداران ٬ ایچ ای سی کے نمائندگان اور طلبائو طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ احتجاج جمہوریت کا حسن ہے مگر مزاحمتی سیاست سے دنیا کی کسی جمہوریت کو کبھی کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے پر کرپشن کے بے بنیاد الزامات لگا کر کیچڑ نہیں اچھالنا چاہیے بلکہ دہشت گردی کے خلاف کامیابی سے جاری آپریشن ضرب عضب کی طرح کام کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ پاک چائنہ کوریڈور منصوبہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا جس کی تکمیل کیلئے نوجوانوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنے کیلئے آگے آنا ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ قومی مفاد کیلئے مثبت سیاست اور تعمیری تنقید ضرور ہونی چاہیے تاکہ معاملات کو درست سمت میں چلایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سی ایس ایس میں نابیناطالبعلم ٬ گریجوئیشن میں تندور پر کام کرنے اور رکشہ چلانے والے طلبہ کاپہلی پوزیشن پر آنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان میں صلاحیت کی کوئی کمی نہیںاور حالات جیسے بھی ہوں تعلیم کی ترقی کا سفر نہیں رکنا چاہیے ۔

گورنر نے کہا کہ موجودہ حکومت تعلیم کے فروغ کیلئے بہت سے منصوبوں پر کام کر رہی ہے ۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا کہ آج کے نوجوان اس لحاظ سے خوش قسمت ہیں کہ انہوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے دور میں آنکھ کھولی اس کے بر عکس ہمیں ایک خط کا جواب جاننے کیلئے کئی کئی دن انتظار کرنا پڑتا تھا۔انہوں نے کہا کہ پرنٹنگ کی ایجاد اور کتابوں کی اشاعت نے تعلیم کے فروغ میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے جبکہ انٹر نیٹ نے تو دنیا ہی بدل کر رکھ دی ہے ۔

انہو ںنے کہا کہ جن چیزوں کا کبھی تصور بھی نہ تھا وہ بھی آج انٹر نیٹ کی وجہ سے ایک کلک پر ہمارے سامنے ہوتی ہیں۔ ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر ارشد علی نے کہا کہ وزیر اعظم کی لیپ ٹاپ سکیم سے طلبائو طالبات کی مجموعی کارکردگی میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے کیونکہ کئی باصلاحیت طلبہ کو وسائل کی کمی کی وجہ سے انٹرنیٹ تک رسائی نہ تھی مگر اب صورتحال بہتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا زمانہ ہے جس کی خوبصورتی ہے کہ گھر میں بیٹھ کر روزگار کمایا جا ئے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی لیپ ٹاپ سکیم کے تحت پانچ برسوں میں پانچ لاکھ لیپ ٹاپ باصلاحیت طلبائو طالبات میں تقسیم کئے جائیں گے۔تقریب میں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے پنجاب یونیورسٹی کے پی ایچ ڈی سکالرز میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے ۔

بعد ازاں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران نے گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کو سویئنر پیش کیا٬بعد ازاں ٬ میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے گورنررپنجاب نے کہا کہ یہ وقت ذاتی مفاد و عناد کا نہیں بلکہ اجتماعی تعمیرو ترقی کا ہے ملک کی خاطر اپنے رویوں میں تبدیلی لانا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جذبہ حب الوطنی کو پیش نظر رکھتے ہوئے ملکی ترقی و استحکام کے لیے ایک منظم قوت کا روپ دھارتا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا پاکستان کی 36% آبادی نوجوان پر مشتمل ہے اور یہ سرمایہ ملک کی قسمت بدل سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل بھرپور صلاحیتوں کی مالک ہے٬انہیں بنیادی تعلیم کے ساتھ ساتھ انفارمیشن اور جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم سے مہیا کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی فیلڈ میں پاکستان کو دنیا میں ایک نمایاں مقام حاصل کر رہا ہے اُس کی بنیادی وجہ نوجوان نسل کی اس شعبے میں خصوصی دلچسپی ہے۔