سرحدوں پر حملے٬ بلوچستان میں دہشت گردی٬ مودی اور پاکستانی حکمرانوں کے ایک پیج پر ہونے کا ثبوت ہے٬ پرویزالٰہی

حکمرانوں نے 2نومبر کو اسلام آباد جانے والوں کو روکا تو جگہ جگہ دھرنا ہو گا اور پورا ملک بند ہو جائے گا٬یہ ملکی سلامتی کا مسئلہ ہے٬ قومی سلامتی کا ذمہ دار ادارہ بھی اظہار تشویش کر چکا٬ حکمرانوں نے دھرنا سے روکا تو پورا ملک بند ہو جائے گا ٬حکمرانوں کا جھوٹ٬ کرپشن حد سے بڑھ گئے٬ پاکستان اور غریبوں کا ہر ساتھی اسلام آباد پہنچے٬ سنی اتحاد اور مجلس وحدت المسلمین ساتھ ہیں پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما پرویزالٰہی کی پارٹی مشاورتی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو

جمعرات 27 اکتوبر 2016 19:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 اکتوبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں سرحدوں پر بھارتی فوج کے حملے اور بلوچستان میں دہشت گردی بھارتی وزیراعظم مودی اور پاکستانی حکمرانوں کے ایک پیج پر ہونے کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملکی سلامتی کا مسئلہ ہے٬ پہلے حکمرانوں نے کرپشن اور جھوٹ سے ملکی معیشت کو تباہ کیا اب اس کی سلامتی کے درپے ہیں٬ قومی سلامتی کے اداروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور قومی سلامتی کا ذمہ دار ادارہ بھی اظہار تشویش کر چکا ہے۔

انہوں نے پرجوش نعروں میں اعلان کیا کہ اگر حکمرانوں نے 2نومبر کو اسلام آباد جانے والوں کو روکا تو جگہ جگہ دھرنا ہو گا اور پورا ملک بند ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کو یہاں مسلم لیگ ہائوس میں پارٹی کے ارکان اسمبلی٬ ضلعی عہدیداروں٬ ٹکٹ ہولڈرز اور دیگر رہنمائوں کے مشاورتی اجلاس اور بعدازاں میڈیا سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس سے طارق بشیر چیمہ ایم این اے٬ محمد بشارت راجہ٬ چودھری ظہیرالدین٬ میجر (ر) طاہر صادق اور دیگر رہنمائوں نے بھی پرجوش خطاب کیا۔

انہوں نے اپنی پارٹی قیادت کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان اور عوام کو ہمیشہ فوقیت اور اہمیت دی ہے اور یہی ہر مسلم لیگی رکن کا طرہ امتیاز ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ حکمرانوں کا جھوٹ اور کرپشن ہر حد سے بڑھ گئے٬ پاکستان اور غریبوں کا ہر ساتھی اسلام آباد پہنچے٬ انہوں نے ملک کا حلیہ بگاڑ دیا٬ ان کے دفاتر سازشوں کے مراکز ہیں٬ یہ پاکستان کا سوال ہے٬ زیادہ سے زیادہ اپوزیشن جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کیلئے ہم رابطے کر رہے ہیں٬ سنی اتحاد اور مجلس وحدت المسلمین نے بھی دھرنا میں ساتھ دینے کا کہا ہے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ دھرنا سے جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں بلکہ پاکستان کو کوئی خطرہ ہے تو نوازشریف اور اس کے حواریوں سے ہے٬ مودی کی زبان بولنے والے حکمران بلوچستان میں دہشت گردی پر کیوں خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی صدر کو انہوں نے اپنی تعریفیں کرنے کیلئے بلایا تھا مگر انہوں نے بھی پانامہ لیکس پر تحقیقات کا مطالبہ کر دیا٬ یہ کیسے مسلمان حکمران ہیں جو کرپشن چھپانے کیلئے جھوٹ پر جھوٹ بولے چلے جاتے ہیں٬ ان کا جھوٹ پکڑا گیا ہے اس کے باوجود گھر نہیں جاتے۔

انہوں نے کارکنوں اور رہنمائوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ میں ان میں ایک نیا جذبہ دیکھ رہا ہوں وہ فعال ہو رہے ہیں٬ میں چودھری شجاعت حسین کو بلامقابلہ صدر منتخب کرنے پر بھی پارٹی کا مشکور ہوں٬ ہماری حکومت نے عام اور غریب آدمی کی جو خدمت کی وہ ہماری پارٹی اور رہنمائوں و کارکنوں کو دوسری جماعتوں میں ممتاز کرتی ہے۔ چودھری پرویزالٰہی پارٹی کے صوبائی صدر منتخب ہونے کے بعد جب پہلی بار مسلم لیگ ہائوس پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا٬ پرجوش نعروں کے ساتھ پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔

مشاورتی اجلاس میں انور بھنڈر٬ مونس الٰہی٬ احمد یار ہراج٬ سردار آصف نکئی٬ چودھری فرخ الطاف٬ حسین الٰہی٬ ریاض اصغر چودھری٬ رانا طارق٬ عامر سلطان چیمہ٬ وقاص موکل٬ احمد شاہ کھگہ٬ سید دلاور عباس٬ بائو رضوان٬ میاں عمران مسعود٬ ڈاکٹر عظیم الدین لکھوی٬ سکندر اعظم چیمہ٬ عبدالرشید بوٹی٬ اصغر تیل والا٬ انجینئر شہزادالٰہی٬ سجاد بلوچ٬ سہیل چیمہ٬ میاں منیر٬ مخدوم بابر٬ عالمگیر ایڈووکیٹ٬ خرم منور منج٬ محمد خان لغاری٬ چودھری ذوالفقار٬ رحمن نصیر٬ گل آغا سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔