محکمہ پلانٹ پروٹیکشن نے مونگ پھلی کے درمدکنندگان کو امپورٹ پرمٹ کا اجراء روک دیا ٬مقامی مارکیٹ میں مونگ پھلی کی قلت پیدا ہونا شروع ہوگئی

ایک دن میں چھلکے اور بغیر چھلکے والی مونگ پھلی کی قیمت میں 35روپے سے 100روپے فی کلو اضافہ ہو گیا

جمعرات 27 اکتوبر 2016 19:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اکتوبر2016ء) محکمہ پلانٹ پروٹیکشن نے مونگ پھلی کے درمدکنندگان کو امپورٹ پرمٹ( آئی پی ) کا اجراء روک دیا ہے جس کی وجہ مونگ پھلی کی درآمد رک گئی ہے اور مقامی مارکیٹ میں مونگ پھلی کی قلت پیدا ہونا شروع ہوگئی ہے مارکیٹ ذرائع کے مطابق صرف ایک دن میں چھلکے اور بغیر چھلکے والی مونگ پھلی کی قیمت میں 35روپے سے 100روپے فی کلو اضافہ ہو گیا ہے جس کے بعد چھلکے والی مونگ پھلی کی قیمت100روپے سے بڑھ کر200روپے فی کلو فی کلو جبکہ بغیر چھلکے والی مونگ پھلی کی قیمت215روپے سے بڑھ کر250روپے فی کلو ہو گئی ہے ۔

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری( کے سی سی آئی) نے وزیراعظم میاں محمد نوازشریف سے محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کے درآمد کنندگان کے ساتھ غیر امتیازی سلوک اور امپورٹ پرمٹ کا اجراء روکنے کا نوٹس لیتے ہوئے درآمد کنندگان کو بھاری مالی نقصانات سے بچانے کی درخواست کی ہے۔

(جاری ہے)

کے سی سی آئی کے صدر شمیم احمد فرپوکی جانب سے وزیراعظم کو ارسال کیے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ہوشربا مہنگائی میں غریب طبقے کے لیے موسم سرما میں بادام٬اخروٹ٬ چلغوزے جیسے مہنگے خشک میوہ جات خریدناانتہائی مشکل ہوتاہے لہٰذا غریب طبقہ موسم سرما میں مونگ پھلی کا استعمال کرتا ہے جو کہ عموماً مناسب داموں دستیاب ہوتی ہے تاہم اس بار مونگ پھلی کی فصل خراب ہونے کی وجہ سے مقامی پیداوار معمول سی10ہزار ٹن یعنی25ہزار ٹن کے مقابلے میں15ہزار ٹن رہی جبکہ مقامی طلب ڈیڑھ لاکھ ٹن ہے۔

مقامی طلب کو پورا کرنے کے لیے نومبر سے فروری تک4ماہ کے دوران ایک لاکھ 25ہزار ٹن مونگ پھلی چین٬افریقی ممالک٬امریکا سمیت تقریباً 8ممالک سے درآمد کی جاتی ہے تاہم محکمہ پلانٹ پروٹیکشن نے مقامی تاجروں کے کاروبار کو تحفظ فراہم کرنے کا بہانہ بناتے ہوئے درآمد کنندگان کو امپورٹ پرمٹ کااجراء بند کردیا ہے جس کی وجہ سے درآکنندگان کے پہلے سے طے شدہ سودے منسوخ ہونے کا اندیشہ ہے ۔

محکمہ پلانٹ پروٹیکشن نے درآمدکنندگان کو خدمات فراہم کرنے کے بجائے کاروبار کا حصہ بنتے ہوئے پرانی آئی پی بھی جاری کیں ۔انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگرمونگ پھلی کی درآمد بحال نہ ہوئی تو سردیوں کے سیزن میں اس کی فی کلو قیمت 300روپے سے تجاوز کرجائے گی اور غریب طبقہ اس سستے خشک میوے سے بھی محروم ہوجائے گا۔شمیم احمد فرپو نے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے درخواست کہ وہ عوام کے بہتر ترین مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کو فوری طور پر مونگ پھلی کی درآمدکے لیے امپورٹ پرمٹ جاری کرنے کی ہدایت کریں تاکہ مقامی طلب کو پورا کرنے کے لیے وافر مقدار میں اس کی درآمد کی جاسکے اور عوام کو سستے داموں مونگ پھلی کی دستیابی ممکن بنائی جاسکے۔#

متعلقہ عنوان :