جاوید اختر عامر خان کی فنکارانہ صلاحیت سامنے لانے والوں کے سرخیل

جمعرات 27 اکتوبر 2016 14:50

جاوید اختر عامر خان کی فنکارانہ صلاحیت سامنے لانے والوں کے سرخیل
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 اکتوبر2016ء)بولی وڈ کے مسٹر پر فیکٹ عامر خان کا شمار بھارتی فلم انڈسٹری کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے ٬ان میں اداکاری کی بے شمار صلاحیت بھری ہوئی ے٬لیکن ان کے اس ٹیلنٹ کو پہچاننے والے اور انہیں فلموں میں پہلا موقع دلوانے والے انسان اور کوئی نہیں معروف شاعر جاوید اختر ہیں۔

(جاری ہے)

عامر خان نے ایک انٹرویوکے دوران اپنے محسن کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ جاوید اختر ہی وہ شخصیت ہیں٬جنہوں نے ناصر (عامر خان کے چچا اور معروف بھارتی ہدایت کار)سے کہا کہ یہ لڑکا ایک دن اسٹار بنے گا۔

عامر نے کہا کہ انہوں نے بطوراسٹنٹ ہدایت کار فلم انڈسٹری میں قدم رکھا٬شوٹنگ کے دوران جاوید اختر فلم مسٹر انڈیا کی اسکرپٹ کے سلسلے میں وہاں موجود تھے٬انہوں نے مجھ سے ملاقات کی اور میرے بارے میں تفصیلات پوچھنے لگے٬باتوں کے دوران جاوید اختر نے کہا کہ یہ لڑکا ناصر کے ساتھ کیوں کام کررہا ہے ٬’یہ تو اسٹار ہے۔کچھ دنوں بعد میرے چچا ناصر خان نے مجھے اپنی فلم میں لینے کا ارادہ ظاہر کیا یہ میرے لئے خوشی کا موقع تھا اور اس طرح میرے کیر ئیر کی شروعات ہوئی۔