وزیر اعظم یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت طلبا و طالبات کے مابین مختلف مہارت کے الگ الگ مقابلے 8 نومبر کو ہونگے

بدھ 26 اکتوبر 2016 22:51

فیصل آباد۔26 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء)وزیر اعظم یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت تیسرے مرحلے کے تحت زیر تربیت طلبا و طالبات کے مابین مختلف مہارت کے الگ الگ مقابلے 8 نومبر کو ہونگے جس میں پہلی تین پوزیشنز حاصل کرنے والوں میں باالترتیب 25 ہزار روپے‘20 ہزار روپے اور 15 ہزار روپے کے نقد انعامات تقسیم کئے جائیں گے ۔

یہ بات ڈائریکٹر نیشنل ووکیشنل ٹریننگ کمشن حاجی محمدڈوگر نے صنعت زار سوشل ویلفیئر کمپلیکس میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی جس میں مقابلوں کے انعقاد کے حوالے سے ضروری انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔ اس موقع پر مینجر صنعت زار محمد سلیم بلندیا اور ڈویژن بھر سے اداروں کے سربراہان بھی موجود تھے ۔ ڈائریکٹر حاجی محمد ڈوگر نے بتایا کہ طالبات کے مابین مقابلے صنعت زار جبکہ طلبا ء کے مقابلے سٹاف ٹریننگ کالج پیپلزکالونی میں ہونگے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے متعلقہ اداروں کے سربراہان سے کہا کہ وہ مقابلوں کے لئے تیاریوں کا آغاز کردیں ۔انہوں نے وزیراعظم یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کی اہمیت کو اجاگر کیا۔مینجر صنعت زار نے کہا کہ مقابلوں کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ۔ اجلاس کے دوران مختلف ارکان نے اپنی تجاویز سے آگاہ کیا۔