مخیر صنعتکاروں کے تعاون سے گورنمنٹ انسٹیٹیوٹ فاربلائینڈز کو 30لاکھ روپے مالیت کی کوسٹر بس کاعطیہ

بدھ 26 اکتوبر 2016 22:51

فیصل آباد۔26 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء)ضلعی انتظامیہ نے مخیر صنعتکاروں کے تعاون سے گورنمنٹ انسٹیٹیوٹ فاربلائینڈز کو 30لاکھ روپے مالیت کی کوسٹر بس کاعطیہ دیا ہے تاکہ نابینا طالب علموں کو آمدورفت کی بہتر سہولیات مہیا کی جاسکیں۔یہ عطیہ ڈی سی او سلمان غنی نے ایک تقریب کے دوران گورنمنٹ انسٹیٹیوٹ فار بلائینڈز کی پرنسپل کے حوالے کیا۔

اس موقع پر مقامی صنعتکار حضرات حسن منور٬فرخ زمان اور ساجد اقبال کے علاوہ ای ڈی او کمیونٹی ڈویلپمنٹ خالد بشیر٬ڈی او سپیشل ایجوکیشن چوہدری عبدالحمید٬ایڈمن آفیسر ڈی سی او آفس ریاض حسین انجم اوردیگر بھی موجود تھے۔ڈی سی او نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مخیر صنعتکاروں کے فیاضانہ تعاون کاشکریہ ادا کیا اور کوسٹر بس کا عطیہ ملنے پر ادارہ کی انتظامیہ کو مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے تاکید کی کہ اس سہولت کو پائیدار بنیادوں پر برقراررکھنے کے لئے کوسٹر بس کی بہترین دیکھ بھال اورحفاظت کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کی سہولت کے بعد ادارہ میں نابینا طالب علموں کی تعداد میں اضافہ ہوناچاہیے تاکہ ان خصوصی بچوں کو تعلیم وتربیت کے ذریعے معاشرے کا فعال اورمفید شہری بنایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ خصوصی بچوں کی فلاح وبہبود اور بحالی کے منصوبوں میں مزید وسعت لائے گی کیونکہ یہ بچے ہماری زیادہ توجہ کے مستحق ہیں۔اس موقع پر پرنسپل ثناء رئوف نے ڈی سی او سلمان غنی اور مخیر صنعتکاروں حسن منور٬فرخ زمان اورساجد اقبال کا شکریہ ادا کیااور کہا کہ ٹرانسپورٹ کی سہولت کی بدولت نابینا بچوں کو آمدورفت میں بے حد سکھ ملے گا۔