کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کا پچاسواں کانووکیشن 4نومبرکو ہوگا

بدھ 26 اکتوبر 2016 22:42

لاہور۔26 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء) کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کا پچاسواں کانووکیشن 4نومبر اور یومِ تاسیس 5نومبرکو سی پی ایس پی ریجنل سینٹر میں منعقد ہوگا۔سی پی ایس پی کے سال 2016کے کانووکیشن میں 711ڈاکٹرز میں فیلو شپ)ٖFCPS) اور ممبر شپ(MCPS) کی ڈگریاں تقسیم کی جائیں گی جن میں 608ڈاکٹرز کو فیلو شپ(FCPS) اور92ڈاکٹرز کو ممبرشپ (MCPS)کی ڈگریاں دی جا ئیں گی۔

کانووکیشن کے موقع پر 6ڈاکٹرزکو بہترین تعلیمی نتائج پر گولڈ میڈلزسے بھی نوازا جائے گا ۔تقریب کے مہمانِ خصوصی گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ شرکت کریں گے ۔جبکہ صدر سی پی ایس پی پروفیسر ظفراللہ چوہدری٬مہمانِ خصوصی اور کونسل ممبران کے ہمراہ کامیاب ڈاکٹرز میں ڈگریاںتقسیم کریں گے۔

(جاری ہے)

یہ باتیں گزشتہ روزیہاں صدر سی پی ایس پی پروفیسر ظفراللہ چوہدری نے کونسل ممبران کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

سینئر نائب صدر سی پی ایس پی پروفیسر خالدمسعود گوندل نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان اب تک74اسپشلٹیز میں 25000سے زائد فیلوز اور20اسپشلیٹیز میں10000سے زائد ممبرز بنا چکا ہے۔سی پی ایس پی کا یومِ تاسیس کے موقع پرانٹرنیشنل میڈیکل ایجوکیشن کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں انگلینڈ٬سری لنکا ٬ملائیشیا اور دیگر ممالک کے طبی ماہرین شرکاء سے بین الاقوامی طبی طرزتربیت پر شرکاء کو آگاہ کریں گے۔

اس کے علاوہ سی پی ایس پی میں پری-کانفرنس ورکشاپ کا انعقاد کیا جائے گا جس کے ساتھ ریجنل سینٹر میں بیک وقت 4بین الاقوامی ورکشاپس منعقد کی جارہی ہیں۔یومِ تاسیس کے موقع پر آکیڈمی آف فیملی فزیشنز کیلئے ایک سیمنار کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔پریس کانفرنس کے موقع پر ڈائریکٹر نیشنل ریذیڈنسی پروگرام پروفیسر محمود ایاز٬پروفیسر عامر زمان خان٬پروفیسر ابرار اشرف علی سمیت دیگر سینئر ڈاکٹرز نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :