انمول ہسپتال کے زیراہتمام بریسٹ کینسر کے بارے میںآگاہی کیلئے سیمینار کا انعقاد

بدھ 26 اکتوبر 2016 22:42

لاہور۔26 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء) انمول ہسپتال کے زیراہتمام بریسٹ کینسر کے بارے میںآگاہی کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں ڈائریکٹر انمو ل ڈاکٹر ابوبکر شاہد٬ ہیڈ آنکالوجی ڈاکٹر مصباح مسعود٬ کنسلٹنٹ آنکالوجسٹ ڈاکٹر عامرہ شامی٬ ڈاکٹرفرخ رشید٬ ڈاکٹر عائشہ منان٬ ڈاکٹر سعدیہ صادق٬ ڈاکٹر ندافاطمہ٬ ڈاکٹر رافعہ٬ ڈاکٹر عاصمہ سمیت نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف نے بھرپور شرکت کی۔

ڈائریکٹر انمول ڈاکٹر ابوبکر شاہد نے بتایا کہ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے تحت پاکستان کے چاروں صوبوں کے مختلف شہروں میں 18 کینسر ہسپتال سٹیٹ آف آرٹ سہولیات مہیا کر رہے ہیں۔جہاں تشخیص اور علاج کے علاوہ تمام سہولیات دستیاب ہیں۔

(جاری ہے)

ہیڈ آف آنکالوجی انمول ڈاکٹر مصباح مسعود نے خواتین کو بتایا کہ جلدی علاج سے مریض کے ٹھیک ہونے کے چانسز بڑھ جاتے ہیں۔

ہر سال نوے ہزار کے قریب خواتین اس مرض کا شکار ہوتی ہیں جن میں سے چالیس ہزار کے قریب کی موت واقع ہو جاتی ہے۔ خواتین کو 40 سال کی عمر کے بعد ہرسال کم از کم ایک مرتبہ میموگرافی کروانی چاہئے ۔ آنکالوجسٹ ڈاکٹر سعدیہ صادق نے بتایاصحت مندانہ زندگی کینسر کے مریضوں کیلئے بہت ضروری ہے۔ جلدی علاج شروع ہو جانے سے مریضوں کے صحت مند ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

کنسلٹنٹ آنکالوجسٹ ڈاکٹر عائشہ منان نے بریسٹ کینسر کے ممکنہ علاج کے بارے میں بتایا جن میں کیمو تھراپی ٬ ریڈیو تھراپی٬ ہارمون تھراپی اور ٹارگٹ تھراپی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کسی تکلیف کو معمولی نہ سمجھیں٬ وقتاً فوقتاً اپنا معائنہ کروائیں۔ ڈاکٹر ندافاطمہ نے بتایا کہ جلدی تشخیص اور علاج سے 90 فیصد خواتین اس موذی مرض سے بچ سکتی ہیں۔ اس کے لیے خواتین کو فوری طورپر اپنے ڈاکٹر سے رابطہ کرنے کی ضرورت ہے۔ اختتام پر مختلف ہسپتالوں سے آئی ہو ئی نرسز ٬ مریضوں کے لواحقین نے مختلف سوالات پوچھے جن کا ڈاکٹرز نے تسلی بخش جواب دیا۔