Live Updates

تحریک انصاف دو نومبر کو دھرنا نہیں ہنگامہ برپا کرنے والی ہے ٬خواجہ سعد رفیق

جلسے جلوس اور احتجاج ہر سیاسی جماعت کا آئینی حق ہے ٬تحریک انصاف کو بھی حاصل ہے٬ اسلام آباد بند کرنے نہیں دیں گے ٬وفاقی وزیر کا نجی ٹی وی کو انٹرویو

بدھ 26 اکتوبر 2016 22:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اکتوبر2016ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف دو نومبر کو دھرنا نہیں ہنگامہ برپا کرنے والی ہے جلسے جلوس اور احتجاج کرنا ہر سیاسی جماعت کا آئینی حق ہے جو پاکستان تحریک انصاف کو بھی حاصل ہے ۔ لیکن اسلام آباد بند کرنے نہیں دیں گے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہم آئین و قانون کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے دارالحکومت کی حفاظت کرنا جانتے ہیں دو نومبر کو دھرنا نہیں اسلام آباد بند کرنے کا منصوبہ ہے جس کا کوئی جواز نہیں بنتا ۔

سپریم کورت میں معاملہ اٹھانے پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہئے ۔ عمران خان یوٹرن کے ماسٹر ہیں تمام قومی اداروں کا گھیرائو پی ٹی آئی نے کیا ہے انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکس کی بات کرنے والے خود 315 کنال کے گھر میں رہتے ہیں اور دو لاکھ ٹیکس دیتے ہیں انہوں نے کہا کہ احتساب تمام سیاسی جماعتوکا مطالبہ تھا لیکن ان سب کا کہنا تھا کہ صرف ایک شخص کو ٹارگٹ نہ کریں اب صرف پی ٹی آئی ہی وہی بات دہرا رہی ہے کوئی اور جماعت ان کے ساتھ نظر نہیں آ رہی ۔

(جاری ہے)

عمران خان کس چیز کی تلاشی مانگ رہا ہے کیا ہمارا کوئی ڈی این اے ٹیسٹ ہونے والا ہے یا ہم سے کوئی منشیات کی پڑیاں برآمد ہوئی ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے پاس عمران خان سمیت تمام پی ٹی آئی رہنمائوں کے آف شور کمپنیوں اور کرپشن کے ثبوت ہیں اور ہم ان کا احتساب کر کے قوم کو اصل کرپٹ لوگ دیکھا دیں گے ۔ پاکستان تحریک انصاف نہیں چاہتی کہ ملک ترقی کریں یہ چاہتے ہیں کہ 2018 سے پہلے الیکشن ہو یہ 2018 کے بعد ہمارے چہرے نہ رہیں ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کشمیر کے معاملے میں ہم جوائنٹ سیشن بلایا ۔ عمران خان نے بائیکاٹ کیا جس کے ردعمل میں بھارتی میڈیا نے یہ بات بار بار اٹھائی کہ پاکستان کی پارلیمنٹ متحد نہیں ہے ۔ 2 نومبر کے حوالے سے انہوں نے یقین دلایا کہ کوئی گولی اور شیلنگ نہیں ہو گی لیکن حکومت قانون کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی کے 55 لاکھ عوام کا تحفظ کرنا بہتر طریقے سے جانتی ہے ۔ (جاوید)
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات