نیشنل ایکشن پلان پر من و عن عمل درآمد کیا جائے٬آفتاب شیرپائو

بدھ 26 اکتوبر 2016 22:33

پشاور۔26اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے علاقہ شبقدر سے تعلق رکھنے والے سانحہ کوئٹہ میں شہید کیپٹن روح اللہ اوردوسرے شہید ہونے والے اہلکاروں کے خاندانوں کے ساتھ ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج و غم اور دکھ ہوا۔

اپنے ایک بیان میں انھوں نے اس واقعہ کی مکمل انکوائری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان پر من و عن عمل درآمد کیا جائے تاکہ عوام میں پائی جانے والے احساس عدم تحفظ کو دور کرنے سمیت مستقبل میں اس قسم کے واقعات کا تدارک کیا جاسکے ۔ انھوں نے اہلکاروں کوٹارگٹ کرنے پر شدید غم و غصے کا ااظہار کیااور کہا کہ دہشت گرد معصوم لوگوں کو ٹارگٹ بنا رہے ہیں انھوں نے کہا کہ قومی یکجہتی اور اتفاق سے ان عناصر کی سرکوبی کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں پوری قوم غم زدہ خاندانوں کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہیں اور ہماری تمام تر ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سانحہ میں زخمی ہونے والے افراد کو تمام ترطبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔انھوں نے مزید کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کی مکمل داد رسی اورمالی معاونت کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔