کرپشن اور بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑپھینکنا ہو گا اس کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا ‘ذکر اللہ مجاہد

ْجماعت اسلامی ملک کوکرپشن سے پاک اسلامی اور خوشحال پاکستان دیکھنا چاہتی ہے‘میڈیا سے گفتگو

بدھ 26 اکتوبر 2016 22:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2016ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہدنے کہا ہے کہ کرپٹ اور بدعنوان افراد کو ملکی نظام چلانے اور سیاست کرنے کاکوئی حق نہیں ٬کرپشن اور بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا اس کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے لاہور کے مقامی ہوٹل میں میڈیا سے گفتگوکے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ملک کو کرپٹ عناصر سے پاک کرنے کے لیے کرپشن فری پاکستان مہم کا آغازسب سے پہلے کیا جس کی بدولت عوامی سطح پر بڑے بڑے مگرمچھوں کی اصلیت سامنے آئی جو ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف عمل رہے ٬ حکمرانوں نے پاکستانی عوام کو قرضوں میں ڈبودیا ہے اورعوام کے پیسوں سے بیرون ملک میں کاروبار کھول رکھے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قوم نے یہ فیصلہ کر لیا ہے کہ کرپشن اور پاکسان ایک ساتھ نہیں چل سکتے٬اس لیے ضروری ہے کہ قوم 30اکتوبر کو "کرپشن مکائو پاکستان بچائو"مارچ میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی آواز پر لبیک کرتے ہوئے ان کا ساتھ دیں ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک دینی اور سیاسی جماعت ہے جو ملک کو اسلامی پاکستان اور خوشحال پاکستان دیکھنا چاہتی ہے عوام کو معاشرے اور ملک کی ترقی کیلئے ایک دیانتدار اور باصلاحیت قیادت کا انتخاب کرنا ہوگاجو ملک اورقوم کا درد اپنے سینے میں رکھتی ہو تب ہی ملک کو موجود ہ مسائل سے چھٹکارا مل سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :