عبدالعلیم خان کا وزیر اعلیٰ پنجاب کو الزامات کے ثبوت سامنے لانے کا چیلنج

شہباز شریف کے خلاف ہتک عزت کا 30ارب روپے کا دعویٰ دائر کر رہا ہوں رہنماء پی ٹی آئی

بدھ 26 اکتوبر 2016 22:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2016ء) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی طرف سے لگائے گئے الزامات کے ثبوت سامنے لانے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ شہباز شریف کے خلاف 30ارب روپے کا ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر رہے ہیں وہ مجھے قبضہ گروپ ثابت کریں یا ہرجانے کی رقم دینے کی تیاری کریں اور وہ یہ30ارب روپے شوکت خانم ہسپتال کو عطیہ کر دیں گے ۔

عبدالعلیم خان نے اپنے رد عمل میں کہا کہ وہ 2008سے اپوزیشن کی سیاست کر رہے ہیں اگر اُن کے خلاف کوئی الزامات تھے تو گذشتہ8برسوں سے پنجاب میں برسر اقتدار نا م نہاد خادم اعلیٰ نے کیوں اُن کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی ۔عبدالعلیم خان نے چیلنج کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میرے خلاف سرکاری یا کسی اور کی زمینوں پر قبضے کی ایف آئی آر عدالت میں سامنے لائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز لیگ کو میرے خلاف اصل پیٹ درد این ای122میں اٹھائی جانے والی ہزمیت سے ہے اور اس کے بعد ہی یہ تمام رام کہانیاں گھڑی جا رہی ہیں ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ شہباز شریف 30ارب روپے ہرجانے کی ادائیگی کی تیاری کریں شاید ایسا کرنے سے وہ قوم کے لوٹے ہوئے اربوں روپے میں سے کچھ رقم قربان کر سکیں ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ وہ کل بھی عمران خان کے ساتھ کھڑے تھے آج بھی ڈٹ کر کھڑے ہیں اور انشاء اللہ کل بھی کھڑے رہیں گے ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ شہباز شریف کی پریس کانفرنس بد حواسی کا ثبوت ہے بہتر ہو گا کہ حکمران جوابی الزامات کی بجائے پاناما لیکس پر حقائق تسلیم کر کے قوم سے معافی مانگیں وگرنہ 2نومبر ان سب کا یوم حساب ہو گا ۔