پوری دنیا مان رہی ہے کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے٬عالمی میڈیا جو پاکستان کو خطرناک ملک قرار دے رہاتھا آج ابھرتی ہوئی معیشت قرار دے رہا ہے٬سی پیک کے تحت تاریخ میں پہلی بار توانائی کے شعبے میں اتنی بڑی سرمایہ کاری ہو رہی ہے

وفاقی وزیر احسن اقبال کا بزنس مینجمنٹ پر چھٹی بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب

بدھ 26 اکتوبر 2016 21:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء) وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پوری دنیا مان رہی ہے کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔عالمی میڈیا جو پاکستان کو خطرناک ملک قرار دے رہاتھا آج ابھرتی ہوئی معیشت قرار دے رہا ہے۔اسلام آباد میں بزنس مینجمنٹ پر چھٹی بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لئے ضروری ہے کہ سیاسی استحکام اور امن ہو۔

دوہزار سولہ کا پاکستان دوہزار تیرہ سے بہت بہتر ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک کے تحت تاریخ میں پہلی بار توانائی کے شعبے میں اتنی بڑی سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔ذہنی صحت سے متعلق گول میز کانفرنس میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صحت کے شعبہ میں ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

ملکی ترقی کے لیے ایک صحت مند اور ذہنی طور پر طاقتور معاشرہ ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں ہمیں چیلنجز کا سامنا ہے۔ مینٹل ہیلتھ کا شعبہ پاکستان میں نظر انداز کیا گیا ہے۔آج کی کانفرنس کا مقصد اس شعبہ کو توجہ دینا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ انتہا پسندی کی طرف راغب ہونے والے نوجوانوں پر تحقیق کی جانی چاہیئے۔ افراد کی مینٹل ہیلتھ کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ معاشرے میں مثبت کردار ادا کرسکیں۔

وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ احسن اقبال نے پمز ہسپتال اسلام آباد میں بریسٹ سکرینگ سنٹرکی عمارت کا افتتاح کیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ خواتین کو طرز زندگی بدلنے کی ضرورت ہے ٬ تاکہ کینسر کی شرح میں کمی ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔ اس سکریننگ سنٹر سے مرض کی بروقت تشخیص میں مدد ملے گی جس سے ہزاروں زندگیوں کو بچایا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :