سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن ہاؤسنگ سوسائٹی کے حوالے سے توہین عدالت کے مقدمہ میں بار کو رقم جمع کرانے کی ہدایت

بدھ 26 اکتوبر 2016 21:34

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء) سپریم کورٹ نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن ہاؤسنگ سوسائٹی کی تعمیر کے حوالے سے توہین عدالت کے مقدمہ میں بار ایسوسی ایشن کو رقم جمع کرانے کی ہدایت کردی ہے اور مزید سماعت کل جمعہ کی صبح تک ملتوی کرتے ہوئے محکمہ لینڈ ایکوزیشن کوحکم دیاہے کہ سوسائٹی کے حوالے سے دو دن میں نوٹیفکیشن جاری کیاجائے ٬ بدھ کوچیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی ٬ اس موقع پرمحکمہ لینڈ ایکوزیشن کے وکیل نے پیش ہوکرعدالت کوبتایاکہ محکمہ کو اراضی خریدنے کیلئے اب تک رقم نہیں ملی ٬رقم کے بغیر گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ فائونڈیشن کس طرح اراضی منتقل یا قبضہ دے سکتی ہے ۔

سپریم کورٹ بار کے وکیل عبدالرحمن صدیقی نے پیش ہوکر موقف اختیار کیا کہ ہم محکمہ کو رقم دینا چاہتے ہیں جو ٹریژری کے اکائونٹ میں موجود ہے مگر لینڈ ایکوزیشن والے رقم لینے اور این او سی جاری کرنے سے انکار کررہے ہیں اس لئے ہم نے توہین عدالت کی درخواست دائر کی ۔

(جاری ہے)

ہم اپنی ہائوسنگ سوسائٹی کیلئے کامسٹس کے سامنے چک شہزاد میں واقع چار ہزار ایک سو کنال زمین کے حصول کیلئے پانچ سو کروڑ روپے جمع کرانے کیلئے تیار ہیں٬ سماعت کے دوران جسٹس عظمت سعید نے وکلاء سے کہا کہ یہ کیا معاملہ ہے ایک فریق کہتاہے کہ رقم نہیں دی جارہی ٬ دوسرا فریق کہتاہے وہ رقم جمع کرانا چاہتے ہیں کیا اس قدر معمولی باتوں کافیصلہ عدالت کرے گی آپ لوگ مل بیٹھ کر معاملہ حل کیوں نہیں کرتے ٬ جس پربار ایسوسی ایشن کے وکیل نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ دو روزمیں پیسے جمع کرا دئیے جائیںگے جس پر عدالت نے فریقین کو ہدایت کی کہ دو دن میں پیسے جمع کراکر زمین کی منتقلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے اور رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے بعد ازاں مزید سماعت ملتوی کردی گئی۔

متعلقہ عنوان :