پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں آج شہدائے پولیس ٹریننگ سنٹر کوئٹہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی

بدھ 26 اکتوبر 2016 21:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اکتوبر2016ء) پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں آج شہدائے پولیس ٹریننگ سنٹر کوئٹہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا٬سی سی پی او لاہور امین وینس ٬ ایڈیشنل آئی جی آپریشنز کیپٹن عارف نواز ٬ ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر عارف مشتاق ٬ ایڈیشنل آئی جی لیگل علی ذوالنورین شیخ ٬ ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب عامر ذوالفقار خان ٬ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ڈاکٹر حیدر اشرف ٬ ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز بی اے ناصر ٬ ڈی آئی جی آئی ٹی شاہد حنیف سمیت اعلیٰ افسران اور پولیس جوانوں کی بڑی تعدادنے نماز جنازہ میں شرکت کی ۔

شہدائے پولیس ٹریننگ سنٹر کوئٹہ کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کے بعد آئی جی پنجاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد ی کے ناسور کے خاتمے کے لئے پوری قوم یکجان اور ہم قدم ہے ۔

(جاری ہے)

دہشت گرد اپنی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے ۔ میں سانحہ پولیس ٹریننگ سنٹر کوئٹہ کے شہداء کو سلام پیش کرنے کے ساتھ ساتھ قانون نافذ کرنے والے مختلف اداروں کے ان جوانوں کوبھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں ہم بلوچستان کے عوام ٬ پولیس اور شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور یہ عہد کرتے ہیں کہ ارضِ پاک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

متعلقہ عنوان :