کراچی٬ قرآن ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جو زندگی میں مثبت تبدیلیاں لاسکتا ہے٬ ڈاکٹر قیصر

بدھ 26 اکتوبر 2016 21:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2016ء) دل کا اہل بیت پاکؓکی محبت سے خالی ہونے کا مطلب دل کا اسلام٬ ایمان٬ قرآن اور نسبت مصطفی ﷺسے خالی ہونا ہے۔ بے شک اہل بیت اطہارؓ کی محبت عین ایمان ہے۔قرآن ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جو زندگی میں مثبت تبدیلیاں لاسکتا ہے٬ مسلمانوں کی پستی ٬رسوائی اور زبوں حالی کی اصل وجہ کتاب اللہ اورسنت نبوی ؐ سے دوری ہے۔

حضرت امام حسین ؓ نے قیامت تک ظلم وجبر کا راستہ بند کردیا ہے۔’’واقعہ کربلا‘‘ کے وقوع پذیر ہوئے صدیوں گزرگئیں مگر ذہنوں اور دلوں میں امام کے ایثار٬صبر اورعزم صمیم کو لازوال دوام حاصل ہے ۔کربلا آکر حسین زندہ جاوید ہوگئے جس کی زمانے نے بھی قدر ومنزلت کی اور یزیدیت کانام ونشان مٹ گیا اور امام ساری دنیا کے محبوب ورہنما ہیں ان کا غم زمانہ یا صدیوں کا محتاج نہیںبلکہ غم حسین آج بھی تازہ ہے۔

(جاری ہے)

ہمیں دنیا و آخرت میں سرخرو ہونے کے لیے فاروق اعظمؓ و امام حسینؓ کی سیرت و کردار کو اپنانا ہوگا۔حق کو حق کہنا اور باطل کو براکہنا زندگی کا بہترین اصول ہے جس سے معاشرہ میں برابری کا توازن قائم رہتاہے اور یہی بات حضرت امام حسینؓ نے کربلا کے میدان میں اپنی جان کی قربانی دے کر ہمیں سمجھائی۔ان خیالات کا اظہار شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر٬ علامہ مولانا سید مظفر حسین شاہ ٬پروفیسر ڈاکٹر محمد احمد قادری ٬اور علامہ قاضی احمد نورانی نے سیرت مصطفیؐ سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن جامعہ کراچی کے زیر اہتمام منعقدہ پروگرام بعنوان: ’’اہلِ بیت اطہار سے محبت اور ہماری زندگی‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

پروگرام میں نظامت کے فرائض ڈاکٹرخالد جمال نے دیئے جبکہ کلمات تشکرسیرت مصطفیؐ سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن کے صدر محمد احمد قادری نے اداکئے۔ اس موقع پر پروگرام کے منتظمین رئیس الحسن اورعبید الحسن بھی موجودتھے۔پروگرام اساتذہ ٬طلبہ اور غیرتدریسی عملے کی کثیر تعداد موجودتھی۔

متعلقہ عنوان :