وزارت قومی صحت شفافیت اور میرٹ کی بالادستی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے٬ سیکرٹری وزارت قومی صحت محمد ایوب شیخ کا اجلاس سے خطاب

بدھ 26 اکتوبر 2016 21:27

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء) سیکرٹری وزارت قومی صحت محمد ایوب شیخ نے نیب کی جانب سے کرپشن کے خلاف آگاہی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان وزارت شفافیت اور میرٹ کی بالادستی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے٬ اس سلسلے میں گذشتہ دوسالوں میں عملی اقدامات کئے گئے ہیں۔وہ نیب کی کرپشن کے خلاف آگاہی مہم کے متعلق وزارت قومی صحت میں اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس میں دوائیوں اور سگریٹ کے پیکٹ پر کرپشن کے خلاف میسج پرنٹ کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا۔

اجلاس کی صدارت سیکرٹری وزارت قومی صحت محمد ایوب شیخ نے کی۔ اجلاس میں وزارت قومی صحت٬ ڈریپ٬ ٹوبیکو کنٹرول سیل٬ سگریٹ اور ادویات بنانے والی کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ سیکرٹری صحت نے مہم کے لیے دو کمیٹیوں کی تشکیل کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

جس میں فارما انڈسٹری کے نمائندے اور ڈائریکٹر ڈریپ شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ ٹوبیکو انڈسٹری٬ ٹوبیکو کنٹرول سیل اور وزارت کے متعلقہ افسران شامل ہوں گے۔

یہ کمیٹیاں "Say NO to Corruption" کا میسج سگریٹ کی ڈبیوں اور دوائیوں کے پیکٹ پر شائع کرنے کی جگہوں کاباہمی اتفاق رائے سے تعین کر کے سیکرٹری وزارت قومی صحت کو دو ہفتے میںاپنی اپنی پورٹ پیش کریں گی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نیب(A&P) عالیہ رشید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے ہر شخص کو عملی اقدامات کرنے ہوں گے اور اس سلسلے میں آگاہی پیدا کرنی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کو احساس ہے کہ کرپشن ہی تمام برائیوں کی جڑ ہے۔ جس کی وجہ سے اقربا پروری٬ شفافیت اور میرٹ کا قتل ہوتاہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل اس سلسلے میں تبدیلی لانے کے لیے اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔