حکومت صوبہ کو مچھلیوں میں خود کفیل بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے٬ افتخار مشوانی

بدھ 26 اکتوبر 2016 21:23

پشاور۔26اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء) چیئرمین ڈیڈ ک مردان ایم پی اے افتخار علی مشوانی نے کہا ہے کہ حکومت کے اقدامات سے محکمہ ماہی پروری بہتری کی جانب گامزن ٬ صوبہ کو مچھلیوں میں خود کفیل بننے کیلئے ٹھوس اقدامات اُٹھا رہی ہے۔ غیر قانونی طریقے سے مچھلیاں پکڑنے والوں کیخلاف قانون سخت٬ مزید قانون سازی بھی کی جائیگی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے گزشتہ روز گوجر گڑھی میں شکر موری کے مقام پر کلپانی میں مچھلیوں کا ذخیرہ چھوڑنے کے بعد متعلقہ حکام اور موقع پر موجود علاقہ عمائدین سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔افتخار مشوانی نے کلپانی میں تقریباً ایک لاکھ مچھلیوں کا ذخیرہ چھوڑ دیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر فیشریز نے چیئرمین ڈیڈک کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اسی سال ضلع مردان کے مختلف مقامات پر کلپانیوں میں ساڑھے تین لاکھ مچھلیوں کا ذخیرہ چھوڑنا ہمارا ٹارگٹ ہے٬ جو رواں سال دوگنا کیا جائیگا۔

افتخار علی مشوانی نے متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی طریقے سے مچھلیاں پکڑنے والوں سے کسی قسم کوئی رعایت برتی نہ جائے اور ان کو سخت سے سخت سزا دیکر دوسروں کیلئے نشان عبرت بنایا جائے۔