آن لائن ایکشن مینجمنٹ سسٹم کے اجراء سے کام چور اساتذہ کا راستہ ہمیشہ کیلئے بندہوگیا٬ وزیر تعلیم

بدھ 26 اکتوبر 2016 21:23

پشاور۔26اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء) خیبر پختونخوا کے وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ(IMU) کا آن لائن ایکشن مینجمنٹ سسٹم کا اجراء ایمانداراور فرض شناس اساتذہ کیلئے خوشخبری جبکہ کام چوروں کے لئے بری خبر ہے اس سسٹم کے اجراء کے بعد کام چوروں کا راستہ ہمیشہ کیلئے بند کر دیا ہے اب انہیں کام کرنا ہو گا یا سروس سے ہاتھ دھونا پڑے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پشاور میں انڈیپنڈنٹ مانیڑنگ یونٹ کے آفس میں آن لائن ایکشن مینجمنٹ سسٹم کے باقاعدہ اجراء کے موقع پر میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم ڈاکٹر شہزاد بنگش اور دوسرے متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ پہلے مرحلے میں اس سسٹم کا اجراء پشاور اور مردان میں کیا گیا ہے اور آئندہ ماہ سے اس کا دائرہ کار پورے صوبے تک بڑھا دیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ اس نظام سے افسران کی مرضی اور صوابدیدی اختیارات مکمل ختم ہو گئے ہیں اور اب پورے صوبے کے تمام اساتذہ کاحاضری ریکارڈ سنگل کلک پر وزیر تعلیم اور سیکرٹری تعلیم سمیت تمام متعلقہ افسران کو براہ راست میسر ہو گا۔آئی ایم یو غیر حاضر اساتذہ کو براہ راست اس کے سکول کو نوٹس بھیجے گا ۔پہلی اور دوسری غیر حاضر ی پر ایک دن کی تنخواہ کی کٹوتی اور نوٹس جبکہ تیسری غیر حاضری پر شوکاز نوٹس جاری کرکے محکمانہ کاروائی ہو گی۔

عاطف خان کا کہنا تھا کہ محکمے میں ہزاروں اساتذہ کام کرتے ہیں اگر 10فیصد اساتذہ بھی غیر حاضر رہیں تو حکومت کے سالانہ 9تا 10ارب روپے ضائع ہوتے ہیں اور طلباء کا قیمتی وقت بھی ضائع ہوتا ہے جو کسی صورت قابل برداشت نہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم یو کی رپورٹ پر اب تک 7200اساتذہ کے خلاف کاروائی عمل میں لائی گئی ہے اور ان کی تنخواہوں سے 8کروڑ روپے کی کٹوتی کی گئی ہے جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔وزیر تعلیم نے کہا کہ اس خودکار نظام سے تعلیمی شعبے میں عملے اور اساتذہ کی حاضری اور کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی اور صوبے میں ایک بے مثال اور قابل تقلید تعلیمی نظام متعارف ہو گا۔

متعلقہ عنوان :