عبدالماجد بھرگڑی سندھی زبان کے محسن اور سندھ کا اثاثہ ہیں٬ جدید دور میں زبانوں کی بقا کمپیوٹر کے ذریعے ہی ممکن ہے٬ وزیر سردار علی شاہ

بدھ 26 اکتوبر 2016 21:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2016ء) محکمہء ثقافت٬ سیاحت و نوادرات کے صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ عبدالماجد بھرگڑی سندھی زبان کے محسن اور سندھ کا اثاثہ ہیں۔ جدید دور میں زبانوں کی بقا کمپیوٹر کے ذریعے ہی ممکن ہے اور عبدالماجد بھرگڑی نے سندھی زبان کو وہ ابدی حیاتی عطا کرنے کی بنیاد فراہم کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عبدالماجد بھرگڑی سے ملاقات کے دوران کیا۔

عبدالماجد بھرگڑی ای لینگویجز میں کمال رکھتے ہیں اور سندھی زبان کو کمپیوٹر کی زبان بنانے میں ان کا کلیدی کردار ہے۔ وزیرِ سیاحت و ثقافت نے عبدالماجد بھرگڑی کو گذشتہ سال دیئے گئے شاہ لطیف ایوارڈ وصول کرنے کے لئے بھٹائی کے عرس پر آنے کی دعوت بھی دی جس پر انہوں نے کہا کہ کل ان کی آمریکا کی فلائیٹ ہے لہذا وہ میلے میں شریک نہیں ہو پائیں گے جس پر وزیرِ ثقافت نے انہیں نیشنل میوزیم آنے کی دعوت دی۔

(جاری ہے)

جب عبدالماجد بھرگڑی نیشنل میوزیم پہنچے تو وزیر ثقافت نے ان کا استقبال میوزیم کے گیٹ پر کیا بعدازاں اپنے آفس میں انہیں شاہ عبداللطیف بھٹائی ایوارڈ پیش کرتے ہوئے کہا کہ عبدالماجد بھرگڑی جیسے لوگ کسی بھی قوم کے لئے باعث فخر اور اثاثہ ہوا کرتے ہیں ان کا کام یقینا سندھی زبان کو دوام بخشنے میں بنیادی اہمیت کا حامل رہے گا۔ وزیر ثقافت نے عبدالماجد بھرگڑی کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت اور محکمہء ثقافت و سیاحت ان کے کام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس حوالے سے سندھی لینگویج اتھارٹی میں ان کے نام سے منسوب ایک انسٹیٹیوٹ قائم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جہاں لینگویج انجنیئرز سندھی سمیت دیگر زبانوں کو جدید تقاضوں کے ہم آہنگ کرنے کے لئے کام کریں گے۔

اس موقعہ پر عبدالماجد بھرگڑی نے بتایا کہ سندھی زبان کو گوگل ٹرانسلیٹ پر لانے کے بعد اس میں مزید بہتری کرنے اور وکی پیڈیا میں بھی سندھی کو زبان کے طور پر متعارف کرانے٬ اینڈرائیڈ اپبلیکیشنز اور سب سے بڑی موبائل کمپنی ایپل کی ایپلیکیشنز میں بھی سندھی زبان کو شامل کرانے کا کام چل رہا ہے اور جلد ہی سندھی بھی دیگر تمام جدید زبانوں کی طرح ہر جگہ اپنی وجود منوائے گی۔ عبدالماجد بھرگڑی نے ایوارڈ دینے اور ان کے کام کی قدر کرنے پر وزیر ثقافت سید سردار علی شاہ اور سندھ حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :