ثقافت مسلسل دھارا کی طرح ہے جو قوموں کے انفرادی اور اجتماعی سوچ کا مظہر ہوتی ہے٬ وزیر ثقافت وسیاحت سندھ

بدھ 26 اکتوبر 2016 21:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2016ء) محکمہء ثقافت٬ سیاحت و نوادرات کے صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ ثقافت ایک مسلسل دھارا کی طرح ہے جو قوموں کے انفرادی اور اجتماعی سوچ کا مظہر ہوتی ہے۔ اس حوالے سے سندھ اور ترکی کی ثقافتیں شاندار اور شاہکار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج اپنی آفس میں ترکی کے وائس قونصل جنرل کیگری یوسین (Cagri Yuceen)٬ حسن کوبیک اور موسی ارباس سے ملاقات کے دوران کیا۔

ترکی کا ایک وفد آج نیشنل میوزیم صوبائی وزیر سے ملاقات کے لیے آیا تھا۔ ملاقات کے دوران انہوں نے دونوں ثقافتوں کی انفرادیت اور خصوصیات پر تفصیلی گفتگو کی اور فیصلہ کیا گیا کہ محکمہء ثقافت اور ترکی قونصل جنرل ملکر لیاقت نیشنل لائبریری میں سندھ- ترک کلچرل سینٹر قائم کریں گے٬ جس کے لئے آئندہ ہفتے دونوں فریقین کے مابین ایک ایم ایو یو پر دستخط کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اس کلچرل سینٹر میں ترک زبان سکھانے کے کلاسز چلائے جائیں گے اور اس کے علاوہ دونوں ثقافتوں کو مزید قریب لانے کے لئے مختلف ثقافتی پروگرامزترتیب دیئے جائیں گے۔ اس کلچرل سینٹر میں سندھی اور ترک ثقافتی اشیاء کو عام لوگوں کے خریداری کے لئے بھی رکھا جائے گا۔ اس کے علاوہ اس سینٹر میں سندھی او ترکی کے فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

متعلقہ عنوان :