ثقافت اظہار کا ایسا ذریعہ ہے جس کے توسط سے مختلف اقوام و قبائل ایک دوسرے کے قریب آتے ہیں٬ صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ

بدھ 26 اکتوبر 2016 21:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2016ء) صوبائی وزیرِ ثقافت٬ سیاحت و نوادرات حکومت سندھ سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ ثقافت اظہار کا ایک ایسا ذریعہ ہے جس کے توسط سے مختلف اقوام و قبائل ایک دوسرے کے قریب آتے ہیں کیونکہ ثقافتی اقدار خطے کی مجموعی تصویر پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج برٹش کونسل کے سندھ اور بلوچستان کے ڈائیکٹر کرس ہنٹ اور آرٹ اور کلچر کی ڈائریکٹر سمبل عنایت سے اپنے آفس میں ملاقات کے دوران کیا۔

برٹش کونسل کے وفد نے آج نیشنل میوزیم میں صوبائی وزیر سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران برٹش کونسل کے وفد نے صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ کی جانب سے شروع کئے گئے کاموں کو سراہا اور انہوں نے محکمہء ثقافت کے ساتھ مل کر مختلف شعبوں میں کام کرنے میں بھی اپنی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ خطہ برطانیہ کے لیے نیا نہیں٬ اور ہم مل کر مختلف شعبوں میں مزید بہتر کام کر سکتے ہیں۔

صوبائی وزیر نے مزید بتایا کہ وہ مختلف ملکوں کے قونصل جنرلز سے رابطے میں ہیں تاکہ ہم ثقافتی میدان میں ملکر کام کریں کیوں کہ ثقافت ایک ایسا میڈیم ہے جو مختلف اقوام کے مابین قربت کا سبب بنتا ہے۔ ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ برٹش کونسل برطانیہ سے مختلف شعبہ جات کے ماہریں بلوائے گا جو کہ سیاحت٬ میوزیمولاجی٬ لائبری سائنس اور ہیریٹیج کیپنگ سمیت دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے محکمہء ثقافت کے افسران کو تربیت دیں گے۔

ملاقات کے دوران محکمہء ثقافت کی لائبریریز کو ڈجیٹلائیز کر کے برٹش کونسل کی لائبریریز سے منسلک کرنے کے معاملے پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقعہ پر صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ سندھ کی ثقافت کو پوری دنیا میں روشناس کرانے کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں اور اس وقت بھی وہ یونیسکو کے حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں اور اسی اثناء میں وہ آئندہ ماہ یونیسکو کی ورکشاپ میں شرکت کریں گے اور پہلی بار صوبے کی ثقافتی پالیسی بنانے کے سلسلے میں کام ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں لیاقت نیشنل لائبریری٬ لاڑکانہ میں سرشاہنواز بھٹو میموریل لائبریری٬ شکارپور٬ خیرپور٬ حیدرآباد اور دیگر اضلاع میں قائم ہماری لائبریریاں علم و ادب کے پھلاو میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ انہوں نے ثقافت و سیاحت کے ذریعے لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کے پلان پر بھی کام شروع کر دیا ہے تاکہ قدیمی ہنر سے وابسطہ لوگ اپنے معاشی معاملات کو مزید بہتر انداز میں چلاسکیں۔ اجلاس کے اختتام پر صوبائی وزیر نے مہمانوں کو ثقافتی تحائف پیش کئے۔