صوبہ میں امن و امان کی بحالی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی مرہون منت ہے ٬ گورنر سندھ

مستحکم معیشت امن و امان کے بغیر ممکن نہیں ٬مضبوط معیشت قابل فخر دفاع کی ضمانت ہے ٬ کمزور معیشت سے مضبوط دفاع محض خام خیالی ہی ہو سکتا ہے٬ وفد سے گفتگو

بدھ 26 اکتوبر 2016 21:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ صوبہ میں امن و امان کی بحالی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی مرہون منت ہے جس کو برقرار رکھنا ایک چیلنج ہے جسے صوبہ کے عوام کے تعاون سے حاصل کیا جائے گا۔انہو ں نے کہا کہ مستحکم معیشت امن و امان کے بغیر ممکن نہیں اور مضبوط معیشت قابل فخر دفاع کی ضمانت ہے ٬ کمزور معیشت سے مضبوط دفاع محض خام خیالی ہی ہو سکتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صنعت کاروں کے ایک 10 رکنی وفد سے گورنر ہاس میں ملاقات کے دوران کیا وفد میں ایس ایم منیر٬ سردار یسین ملک ٬ خالد تواب٬ حنیف گوہر ٬ گلزار فیروز٬ عبدالحسیب خان ٬ قاضی سجاد٬ ظفر بختیار٬ زبیر طفیل اور احمد چنائے شامل تھے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ 2013 میں امن وامان کی دگرگوں صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے دہشت گردوں٬ بھتہ خوروں٬ ٹارگٹ کلرز اور اغوابرائے تاوان میں ملوث مجرمان کے خلاف آپریشن کا آغازکیا گیا تھا اور تین سال کے دوران اس کے نہایت مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں٬ صوبہ میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول فراہم ہوا ہے اور صنعتی پیداوار میں اضافے کے ساتھ ساتھ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کی بحالی میں تاجر برادری اور صنعت کاروں کا تعاون قابل تحسین ہے٬ کیونکہ ان کے بھرپور تعاون کے باعث قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مجرمان کے خلاف کاروائی میں نمایاں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی مرکز ہے٬ پاکستان سمیت پورے خطے کے لئے اس کی ایک منفرد اہمیت ہے کیونکہ یہاں ہونے والی کوئی بھی اقتصادی سرگرمی پورے خطہ پر اثرات ڈالتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ کے ساتھ ساتھ مقامی سرمایہ کار بھی مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کررہے ہیں جو امن و امان کی صورتحال پر ان کے اعتماد کا اظہار ہے۔ گورنر سندھ نے صنعت کاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نامساعد حالات کے باوجود صنعتوں کا پہیہ رکنے نہیں دیا۔ وفد کے اراکین نے گزشتہ 14 برس کے دوران صوبہ کے مختلف شعبوں خصوصا سرمایہ کاری اور صنعتوں کے فروغ میں گورنر سندھ کے کردار کو سراہا ۔

انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ نے ہمیشہ صوبہ کی ترقی و خوشحالی کو اولیت دی ہے اور صنعتی زونز اور صنعت کاروں کے مسائل کے حل کے لئے ہمیشہ ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن وامان صنعتی ترقی و خوشحالی سے براہ راست منسلک ہے کیونکہ امن ہوگا تو ترقی ہوگی اور خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ کو یقین دلایا کہ صوبہ میں صنعتی ترقی میں مزید اضافہ کرنے کے لئے ان کا تعاون گورنر سندھ کے ساتھ رہے گا۔

متعلقہ عنوان :