پولیس ٹریننگ سینٹرپر حملہ ملکی استحکام اور سلامتی پر حملے کے مترادف ہے٬ مفتی عبدالعلیم قادری

حکومت کے غیرذمہ دارانہ بیانات ناکامی پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش ہے٬ کیڈٹس کو دوبارہ کیوں بلوایاگیا

بدھ 26 اکتوبر 2016 21:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اکتوبر2016ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی نائب صدرمفتی عبدالعلیم قادری نے سانحہء کوئٹہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ جب تک دہشتگردوں کے ٹھکانے ختم نہیں کئے جائیں گے دہشتگردی کا خاتمہ ناممکن ہے٬ملک کے ہر حصے میں دہشتگردوں نے پناہ گاہیں بنارکھی ہیں٬جو دہشتگردی کے واقعات کرتے ہیں جواب میںسیکورٹی ایجنسیزکی کارروائیوں کے بعد کچھ دن سکون سے گزرتے ہیں اور پھرسے ایک نیاسانحہ رونماہوجاتاہے٬بھارت سے کشیدگی کے باعث ملک میں ہائی الرٹ ہوناچاہئے تھالیکن دہشتگردوں کی دیدہ دلیری دیکھئے کہ انہوں نے اپنی بہیمانہ کارروائی کے لئے پولیس ٹریننگ سینٹرکوہی چنا٬جس میں 61سے زائدجوان شہید اور بڑی تعدادمیں زخمی ہوئے ۔

انہوں نے کہاکہ پولیس ٹریننگ سینٹرپر حملہ ملکی استحکام اور سلامتی پر حملے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پولیس ٹرینگ سینٹر کوئٹہ میں دہشت گردانہ حملے میں 59 اہلکاروںکی شہادت اور116اہلکاروں کے زخمی ہونے کے دلخراش واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن طاغوتی قوتوں نے بلوچستان کو میدان جنگ بنایا ہوا ہے کچھ عرصہ قبل ہی سول ہسپتال کوئٹہ میں خودکش حملہ ہوا تھا جس میں وکلاء کی بڑی تعداد شہید ہوگئی تھی گزشتہ روزایک بار پھر ہائی الرٹ اور پیشگی اطلاعات کے باوجود دہشت گرد پولیس ٹرینگ سینٹر پر حملہ کرنے میں کامیاب ہوگئے٬ جس کے باعث ملک و ملت کوقیمتی انسانی جانوں اور مالی نقصانات سے دوچار ہونا پڑا ہے٬ اس پر صوبائی حکومت اور سیکورٹی اداروں کا یہ بیان کہ بڑے نقصان سے بچالیا گیا ہے ٬انتہائی غیر ذمہ دارانہ عمل اور سیکورٹی اداروں کی ناکامی پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ سول ہسپتال واقعہ کے بعدبلوچستان بالخصوص کوئٹہ شہر اور اس کے اطراف میں سیکورٹی اتنی ہائی الرٹ ہونی چاہئے تھی کہ دہشت گرد پربھی نہ مارسکیں٬ مگر افسوس ہر سانحہ کے بعد حکمرانوں کے مذمتی بیانات اورافسوس کے سوا کچھ نہیں کیا جاتا جس کے باعث ہر روز نیا سانحہ رونما ہورہا ہے۔

متعلقہ عنوان :